پنجاب میں شادی کی تقریبات پر پابندی پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا اعلان

لاک ڈاؤن یکم اپریل سے11 اپریل تک جاری رہےگا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

صوبے کے تمام پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ ۔ فوٹو:فائل

پنجاب میں یکم اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے، اور کورونا کی شدت کے پیش نظر سخت اقدامات کی توثیق کی گئی۔

کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کے لائحہ عمل کی منظوری دے دی جس کے بعد صوبے بھر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

فیصلوں کے مطابق یکم اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اجلاس میں پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :صوبوں کو کورونا ویکسین خریدنے کےلئے این اوسی درکار نہیں، معاون خصوصی صحت

صوبے میں مذہبی، سیاسی، سماجی اور ثقافتی اجتماعات اور ہر طرح کی کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی اور ماسک نہ پہننے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا جب کہ ماسک نہ پہننے والے ڈرائیور کی گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی، صوبے میں مارکیٹس کا وقت شام 6 بجے تک کا ہوگا جب کہ پنجاب میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بھی بند رہیں گی۔

دریں اثنا پنجاب حکومت نے نو شہروں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گوجرانولہ، گجرات، ملتان اور سرگودھا میں مزید سخت پابندیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، لاہور سمیت ان 9 اضلاع میں میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین سمیت تمام انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو یکم اپریل سے بند کردیا جائے گا۔



ان اضلاع میں تمام شادی ہالز اور مارکیز 1 اپریل سے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، تمام انڈور اور آؤٹ ڈور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی، صوبہ بھر کے تمام پبلک پارکس بھی یکم اپریل سے بند کردئیے جائیں گے، پنجاب بھر میں ریل گاڑی 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی۔

یہ بھی پڑھیں :صدرعارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کورونا وائرس کا شکار

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ صوبے بھر میں مزارات، سنیما گھر، تھیٹرز بھی یکم اپریل سے بند کردئیے جائیں گے، تمام کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرکے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی اور تمام کاروبار ہفتے میں دو دن مکمل بند رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی پریس کانفرنس

کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا کے تیسری لہر میں پھیلاؤ کی شرح 14 فیصد ہوچکی ہے، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسزکی شرح 21 فیصد ہے، دیگر اضلاع میں بھی کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث صحت کے نظام پر شدید دباؤ ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے 11 اپریل تک 12 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں مؤثرلاک ڈاؤن ہوگا، جس کے بعد زائد کیسز والےاضلاع میں شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی، صوبے میں ان ڈور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ کسی بھی معاشی صورت حال پرپابندی نہیں لگارہے، صوبے کے تمام پارکس، تفریحی مقامات اور ہرقسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی، اس دوران پنجاب میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بھی بند رہیں گی، دکانیں شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی، ماسک نہ پہننےوالوں کوبھاری جرمانے کئے جائیں گے، پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کو ابھی بند نہیں کیا جارہا، اس کے لئے جائزہ لیا جائے گا۔

 

Load Next Story