حصص مارکیٹ 26500 کی حد عبور کرکے قائم رکھنے میں ناکام

فرٹیلائزر سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی32 پوائنٹس تک محدود، انڈیکس26341کی نئی بلندترین سطح پرآگیا

183کمپنیوں کی قیمتیں بڑھیں، 216 کے دام نیچے، مارکیٹ سرمایہ 25 ارب روپے بلند، 42 کروڑ 74 لاکھ حصص کالین دین۔ فوٹو: فائل

ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سیمنٹ، آئل اینڈ گیس وانرجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز کے ایس ای 100انڈیکس 26500پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا تھا تاہم فرٹیلائزر سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث 32.16پوائنٹس کے اضافے سے 26341.08 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

جبکہ کے ایس ای30انڈیکس2پوائنٹس کے اضافے سے 19481 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس79پوائنٹس بڑھ کر 19680 پوائنٹس پر بند ہوئے، تیزی کے باعث مارکیٹ سرمائے میں 25ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد مارکیٹ سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 63 کھرب84ارب روپے سے زائد ہوگیا، جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں میں بھی اضافہ دیکھاگیا اور کاروباری حجم بدھ کی نسبت 33 فیصد کے اضافے سے 42کروڑ74 لاکھ 19ہزار830 حصص کے لین دین پر مشتمل رہا، گزشتہ روز 415 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میںسے183کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 216کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 16 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔




مارکیٹ ذرائع کے مطابق بعض سرکاری کمپنیوں کی نجکاری کا عمل جلد شروع ہونے کے امکانات اور شرح سود متوقع طور پربرقرار رکھے جانے کی اطلاعات کے باعث سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور مخصوص سیکٹرز میں سرمایہ کاری جاری ہے، گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں14پوائنٹس کی کمی جبکہ بینکنگ انڈیکس میں68پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا،آئی لینڈ ٹیکسٹائل اور شیزان انٹر نیشنل کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جہاں آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت61روپے اضافے سے1291اور شیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمت35.47روپے اضافے سے 808.72 روپے رہی جبکہ یولی لیور فوڈز کے حصص کی قیمت 375روپے کمی سے8925اور وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 199.70روپے کمی سے4300.30روپے رہی۔
Load Next Story