ن لیگ اور جے یو آئی کے گیلانی کو اپوزیشن لیڈر نہ ماننے پر پیپلزپارٹی کا ردعمل آگیا

سینیٹ میں ہمارا اپوزیشن لیڈر نہ مانا گیا تو ہم قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے پر مجبور ہوں گے، نوید قمر

اپوزیشن کے تمام اہم فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مکمل اتفاق رائے سے ہونے چاہییں، نوید قمر(فوٹو، فائل)

پاکستان مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہ ماننے کے بیان پر پیپلز پارٹی کا ردعمل سامنے آگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر خزانہ سید نوید قمر نے کہا ہے کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے کا فیصلہ کریں گی تو ہم بھی قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو نہ ماننے پر مجبور ہوں گے۔اپوزیشن کے تمام اہم فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مکمل اتفاق رائے سے ہونے چاہییں۔


انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے تمام فیصلے خود کرنے ہیں تو اپوزیشن اتحاد کا کوئی فائدہ نہیں۔ ن لیگ اور جے یو آئی لانگ مارچ سے استعفوں کو نتھی کرکے پہلے ہی پی ڈی ایم کو بڑا دھچکا پہنچاچکے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے متفقہ فیصلوں کی خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ آج مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جمیعت علمائے اسلام ف کے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں پارٹیوں نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر نہ ماننے پر اتفاق کیا تھا۔
Load Next Story