امریکا کا گوانتاناموبے جیل میں قید اسامہ بن لادن کے محافظ کو رہا کرنے کا اعلان

نظرثانی بورڈ نے مشاورت کے بعد محمد مجاہد کو رہا کرنے کا اعلان کیا اور اس سے امریکا کو اب کوئی خطرہ نہیں، پینٹاگون

محمد مجاہد کو 15 دسمبر 2001 کو پاک افغان سرحد کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

امریکا نے گوانتاناموبے جیل میں ایک دہائی سے قید القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے یمنی محافظ محمد مجاہد کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔



گوانتاناموبے جیل کے قیدیوں پر عائد الزامات کے حوالے سے قائم ''نظرثانی بورڈ'' نے قرار دیا کہ اسامہ بن لادن کے یمنی محافظ محمد مجاہد سے امریکا کو کسی قسم کا خطرہ نہیں جسے جلد گوانتاناموبے جیل سے رہا کردیا جائے، گوانتاناموبے جیل میں قید 155 قیدیوں میں سے نظرثانی بورڈ نے 77 کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر پر عائد الزامات کی سماعت نظرثانی بورڈ میں جاری ہے اور مزید 70 قیدیوں کو بھی رواں سال ہی رہا کئے جانے کا امکان ہے۔


دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ نظرثانی بورڈ نے مشاورت کے بعد محمد مجاہد کو رہا کرنے کا اعلان کیا اور اس سے اب ہمیں کوئی خطرہ نہیں اور وہ کسی بھی وقت امریکا سے جاسکتا ہے۔


واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کے محافظ محمد مجاہد کو 15 دسمبر 2001 کو پاک افغان بارڈر کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا جسے بعد ازاں فوجی جیل گوانتاناموبے منتقل کیا گیا۔
Load Next Story