بجلی مزید مہنگی ہوگی پاکستان کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی

اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی یقین دہائی کرائی گئی ہے، پارلیمنٹ سے قانون سازی بروقت کرائی جائے گی، جائزہ رپورٹ

اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی یقین دہائی کرائی گئی ہے، پارلیمنٹ سے قانون سازی بروقت کرائی جائے گی، جائزہ رپورٹ (فوٹو : فائل)

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے بجلی 3 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پہلے مرحلے میں ایک روپیہ 95 پیسے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں بجلی مزید ایک روپیہ 63 پیسے مہنگی ہوگی۔

آئی ایم ایف (بین الاقوامی مالیاتی فنڈ) نے پاکستان کے لیے پانچویں اقتصادی جائزہ کی رپورٹ جاری کر دی۔ یہ جائزہ رپورٹ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعد جاری کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اگلے سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد جب کہ 2024ء میں معاشی شرح نمو 5 فیصد ہوسکتی ہے۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 8.7 فیصد ہوگی، 2022ء میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح کم ہو کر 8 ہوسکتی ہے، 2020ء میں محصولات کی شرح معیشت میں 0.5 فیصد بڑھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پٹرولیم لیوی کی مد میں 30 روپے وصول کرنے سے ٹیکس آمدن بڑھی، پاکستان میں ٹیکس کا نظام تاحال پیچیدہ ہے، ٹیکس کا نظام آسان اور سہل بنایا جائے گا، ٹیکس کا نظام آسان بنانے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر کام کریں گے۔

آئی ایم ایف کے مطابق کورونا کی وجہ سے بجلی کی وصولیاں متاثر ہوئیں، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی یقین دہائی کرائی گئی ہے، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری پر پارلیمنٹ سے قانون سازی بروقت کرائی جائے گی، ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر بروقت عمل درآمد ہوگا۔
Load Next Story