وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا

تحریک لبیک پاکستان کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت کا لعدم قرار دیا گیا ہے ۔

وفاقی کابینہ نے بھی تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔ فوٹو:فائل

وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کا لعدم قرار دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم نےتحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سمری منظورکرلی ہے، جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سرکلر سمری وفاقی کابینہ نے بھی منظور کرلی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی، اور کالعدم قرار دینے کی منظوری انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دی گئی ہے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: حکومت کا تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ

سمری میں ہے کہ تحریک لبیک کی پُرتشدد کارروائیوں سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 580 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، تحریک لبیک کے 2063 کارکن گرفتار اور 115 ایف آئی آردرج کی گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، جب کہ اس کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔

 
Load Next Story