بلند حوصلہ گرین شرٹس چمچماتی ٹرافی تھامنے کیلیے بے تاب

آج جنوبی افریقہ سے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں تیسری کامیابی سے مشن مکمل ہوجائے گا۔

ٹیم بابر اعظم،محمد رضوان اور فخرزمان پر مشتمل ان فارم ٹاپ آرڈر پر انحصار کرے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

بلند حوصلہ گرین شرٹس چمچماتی ٹرافی تھامنے کیلیے بے تاب ہیں جب کہ آج چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں تیسری کامیابی سے مشن مکمل ہوجائے گا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز میں 2-1سے برتری ثابت کرنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریزکا بھی فتح کے ساتھ آغاز کیا، اسٹار کرکٹرز سے محروم میزبان ٹیم کے بیٹسمینوں نے اچھا مجموعہ حاصل کیا۔

پاکستانی پیسرز نے اختتامی5اوورز میں قدرے بہتر بولنگ کی، جواب میں مہمان بیٹنگ لائن میں محمد رضوان ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، رن ریٹ کا خسارہ فہیم اشرف نے کم کردیا جس کی وجہ سے پاکستان نے ایک گیند قبل فتح حاصل کرلی، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مہمان بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی، بابر اعظم نے سست روی سے کھیلتے ہوئے ففٹی بنائی،وہ آخر میں اپنا گیئر تبدیل کرنے سے قبل ہی آؤٹ ہوگئے، ہدف اتنا آسان تھا کہ پروٹیز نے 14اوورز میں حاصل کرلیا،جوہانسبرگ میں 2میچز کے بعد دونوں ٹیموں نے سنچورین کا رخ کیا۔

بدھ کو تیسرے میچ میں پاکستانی بولرز ابتدا میں وکٹیں حاصل کرسکے نہ رنز ہی روک پائے،آخر میں قدرے بہتر بولنگ کی،ہدف بڑا ہونے کے باوجود بابر اعظم اور محمد رضوان نے پروٹیز کے حوصلے پست کردیے، چوتھا اور آخری میچ جمعے کو سنچورین میں ہی کھیلا جائے گا، پاکستان کیلیے ٹرافی پر قبضہ جمانے کا اچھا موقع ہے، جنوبی افریقہ نتیجہ 2-2کرنے کی کوشش کرے گا۔

گرین شرٹس کو ان فارم بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی راس آگئی،اس لیے فخرزمان کو تیسرے نمبر پر ہی بھیجا جائے گا،محمد حفیظ ابھی تک کھل کر صلاحیتوں کے جوہر نہیں دکھاس کے،ان کیلیے سیریز کا خوشگوار انداز میں اختتام کرنے کا آخری موقع ہوگا، حیدر علی کو مڈل آرڈر میں کھلانے کا تجربہ ابھی تک کامیاب نہیں ہوا،وہ فیصلہ کن میچ میں کچھ کردکھانے کیلیے بے تاب ہوں گے،آصف علی کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا،وہ ون ڈے سیریز کی ناکامیوں کا ازالہ کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے۔


محمد نواز، فہیم اشرف اور حسن علی سے آل راؤنڈ کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں،شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو پروٹیز بیٹسمینوں کا اعتماد متزلزل کرنے کیلیے خصوصی پلاننگ کرنا ہوگی، ٹیم مینجمنٹ بولرز کے ابتدا میں وار مہلک بنانے کا نسخہ تلاش کرنے کیلیے فکرمند ہے۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کا مورال بلند اور کھلاڑی زبردست کارکردگی دکھانے کیلیے پْرعزم ہیں،مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے موجودہ فارم کا فائدہ اٹھائیں گے،ہم کوشش کریں گے کہ گذشتہ میچز کی غلطیاں نہ دہراتے ہوئے میچ کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کریں۔

دوسری جانب جنوبی افریقی بیٹنگ لائن بھی اچھی فارم میں ہے، ایڈن مارکرم گذشتہ تینوں میچز میں ففٹیز بنانے میں کامیاب رہے، بدھ کو جنیمن مالان نے بھی پاکستانی بولرز کو دباؤکا شکار کیا، جارح مزاج ریسی ون ڈر ڈوسین بھی واپس آ چکے، وکٹ کیپر اور کپتان ہینری کلاسن اور آل راؤنڈر جارج لینڈے جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

ناتجربہ کار سیساندا مگالا، لیزاڈ ولیمز، اینڈل فیلکوایو اور بیورن ہینڈرکس پاکستانی ٹاپ آرڈر پر قابو پانے کیلیے اپنی حکمت عملی پر ازسر نو غور کریں گے، اسپنر جارج لینڈے اور تبریز شمسی گذشتہ میچ میں پٹائی کے صدمے سے باہر نکلنا چاہیں گے۔

کپتان ہینری کلاسن نے کہاکہ ہمارا کوئی بیٹسمین50رنز بنانے کے بعد اسے بڑے اسکور میں بدلنے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوا، پاکستان کی جانب سے ایسی اننگز دیکھنے میں آئیں،ہم چوتھے میچ میں اس خامی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے، فیلڈنگ کے مسائل پر بھی قابو پانا ہوگا۔ سنچورین کی پچ بیٹنگ کیلیے زیادہ سازگار سجھی جا رہی ہے، مطلع جزوی طور پر ابر آلود مگر بارش کا امکان نہیں ہے۔
Load Next Story