رواں ہفتے ڈالر کے نرخ میں کمی برطانوی پاؤنڈ اور یورو کی قدر میں اضافہ

ڈالر کی قدر 152 اور 153 روپے کے گرد گھومتی رہی، یورو کرنسی کی قدر 1.10 روپے بڑھ کر 182.88 روپے ہوگئی

ڈالر کی قدر 152 اور 153 روپے کے گرد گھومتی رہی، یورو کرنسی کی قدر 1.10 روپے بڑھ کر 182.88 روپے ہوگئی (فوٹو : فائل)

عالمی مارکیٹ سے پاکستان کو یورو بانڈز کی آمدنی موصول ہونے کے باعث گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

یورو بانڈ کی آمدنی سے ملکی زرمبادلہ کے ذخاٸر 23.22 ارب ڈالر کے ساتھ 4 سال کی بلند سطح پر پہنچ گٸے جبکہ ترسیلات زر آمد میں مزید اضافے سے زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی رسد میں اضافہ ہوا۔

ہفتہ وار کاروبار میں درآمدات کے لیے ایل سیز کھلنے کے سبب طلب بڑھنے سے ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کا بھی شکار رہی۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی جبکہ پاؤنڈ اور یورو کی قدر میں اضافہ ہوا۔


ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 152 اور 153 روپے کے گرد گھومتی رہی، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 13 پیسے گھٹ کر 152.81 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 30 پیسے گھٹ کر 153 روپے ہوگئی۔

اس کے برعکس برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 31 پیسے بڑھ کر 209.95 روپے ہوگئے اور اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 210.50 روپے پر مستحکم رہی۔

اسی طرح انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 1.10 روپے بڑھ کر 182.88 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 1 روپے بڑھ کر 182.50 روپے ہوگئی۔
Load Next Story