مذاکرات کا جواب گولی سے دینے والوں کے ساتھ جنگ ہوگی چوہدری نثار

طالبان سے مذاکرات آج بھی حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور یہ آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کئے جائیں گے،وزیر داخلہ

وزیراعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی رسمی ملاقات میں سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی ،چوہدری نثار فوٹو: اے پی پی/ فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ حکومت امن کے لئے مذاکرت پہلی ترجیح کی پالیسی پر قائم ہے تاہم بات چیت سے انکار کرنے والوں سے جنگ ہوگی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات آج بھی حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور حکومتی پیشکش کا مثبت جواب دینے والوں کے ساتھ ہی مذاکرات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے بات چیت آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہو گی اور مذاکرات کی صورت میں ملکی وقار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا تاہم حکومتی پیشکش کا جواب گولی سے دینے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔


چوہدری نثار نے سعودی وزیر خارجہ السعود الفیصل کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہاکہ وزیراعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی رسمی ملاقات میں سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی اور سابق صدر کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا۔
Load Next Story