معیاری تعلیم کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا مقررین

یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کا مطالبہ،عالمی یوم خواندگی پر زیریں سندھ میں ریلیاں.

حیدرآباد: عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کی جانب سے ریلی نکالی جا رہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

عالمی یوم خواندگی کے موقع پر زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

مقررین نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ آفس ایجوکیشن لٹریسی کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر ون سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور طلبہ و طالبات شریک تھے۔


ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن شمس الدین، محمد صدیق، غلام مصطفیٰ ساند و دیگر نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر مرد وعورت پر فرض ہے، تعلیم ہی انسان کو اچھائی اور برائی میں امتیاز کا شعور بخشتی ہے جبکہ ملک کی ترقی کا دارو مدار تعلیم پر ہے اور تعلیم یافتہ معاشرہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو معاشرے کا مفید و کارآمد فرد بنانے کے لیے زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ علاوہ ازیں ٹنڈو محمد خان،سانگھڑ، بدین، نوابشاہ، میر پور خاص،مٹھی، تلہار اور دیگر شہروں میں بھی تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ غیر معیاری تعلیم نے نوجوانون کا مستقبل غیر محفوط کر دیا ، معیاری تعلیم کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ملک میں یکساں تعلیمی نظام نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
Load Next Story