رمضان کے دوسرے عشرے سے کراچی میں کاروباری اوقات میں نرمی کا امکان

تاجر رہنما اور حکومت سندھ کے درمیان ابتدائی مذاکرات میں متعدد امور پر اتفاق

تاجر رہنما اور حکومت سندھ کے درمیان ابتدائی مذاکرات میں متعدد امور پر اتفاق

عید سیل سیزن کے دوران کورونا پابندیاں نرم کرنے کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس میں برسراقتدار بی ایم جی کے سربراہ اور حکومت سندھ کے درمیان منگل کو ابتدائی مذاکرات میں متعدد امور پر اتفاق ہوگیا۔

ماہ رمضان کے دوسرے عشرے سے شہر بھر کے تجارتی مراکز میں کاروبار میں نرمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں بی ایم جی کے چیرمین زبیرموتی والا نے ایکسپریس کو بتایا کہ شہر کے اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کاروباری اوقات وایام بڑھانے اور پابندیوں میں نرمی کے لیے کراچی چیمبر پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا تھا لہذا منگل کو انہوں نے صوبائی وزراء مرتضی وہاب اور سعید غنی سے باضابطہ رابطہ کیا۔


زبیرموتی والا نے بتایاکہ عید سیزن میں چھوٹے تاجروں کی سرمایہ کاری کو ڈوبنے سے بچانے پر حکومتی نمائندوں نے اتفاق کیا اور وزیراعلی سندھ کی منظوری کے ساتھ پندرہویں روزے سے کراچی میں کاروبار کے اوقات کار بڑھانے پربھی اتفاق کیا۔ اسی طرح دونوں وزراء کی جانب سے کاروبار کی دو روزہ بندش میں بھی ایک دن کی کمی پر اتفاق کیاگیا۔

تاجر نمائندے تمام مارکیٹوں اور بازار میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کرائیں گے جس کی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ ہوگی۔

زبیرموتی والا نے بتایاکہ دونوں صوبائی وزراء وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیں گے اور ان سے مشاورت کے بعد تاجر نمائندوں کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے جس میں کورونا ایس او پیز کے تناظر میں نرمی لانے کے اقدامات پر فیصلے ہونگے۔
Load Next Story