ٹوئنٹی 20 کرکٹ آسٹریلوی ٹیم پستی کی انتہا پرپہنچ گئی

پاکستان سے شکست نے رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی پیچھے دسویں نمبر پر دھکیل دیا

پاکستان سے شکست نے رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی پیچھے دسویں نمبر پر دھکیل دیا فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں آسٹریلوی ٹیم پستی کی انتہا پر پہنچ گئی۔

پاکستان کے ہاتھوںدوسرے میچ میں شکست کے بعد کینگروز آئرلینڈ سے بھی پیچھے دسویں نمبر پر پہنچ گئے،کپتان جارج بیلی نے اپنی ٹیم کی شرمناک پوزیشن دیکھ کر رینکنگ سسٹم پر ہی سوال اٹھا دیا، ان کا کہنا ہے کہ آئرش سائیڈ ہم سے کتنی بہتر ہے اس کا اندازہ ورلڈ کپ میں ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دوسرے ٹوئنٹی 20 میں سپر اوور میں آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کرنے کے ساتھ پست ترین رینکنگ پر بھی پہنچا دیا۔


سیریز میں ناکامی کے ساتھ ہی کینگروز 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ آئرلینڈ نے نویں پوزیشن سنبھال لی ہے، بنگلہ دیش پہلے ہی آسٹریلیا سے آگے آٹھویں نمبر پر تھا، اب صرف زمبابوین ٹیم ہی آسٹریلیا سے نیچے ہے۔ آسٹریلوی قائد جارج بیلی کو سیریز ہارنے کے بعد رینکنگ میں اپنی درگت سے خاصی چوٹ پہنچی لہذا انھوں نے رینکنگ سسٹم پر ہی سوال اٹھا دیا،ان کا کہنا ہے کہ اپنی ٹیم کو دسویں نمبر پر دیکھنا کسی طور پر اچھا نہیں ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ رینکنگ سسٹم کام کیسے کرتا ہے۔

آئرلینڈ ہم سے آگے نکل گیا جبکہ جہاں تک میرا خیال ہے ہم نے آئرش سائیڈ سے ٹوئنٹی 20 میچ ہی نہیں کھیلا، اگر آئرلینڈ ہم سے بہتر ٹیم ہے تو اس کا اندازہ دو ہفتوں میں سری لنکا میں شیڈول ورلڈ کپ میں ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے گذشتہ 13 ٹوئنٹی 20 میں سے صرف 4 میچز جیتے تاہم اس کا سامنا پاکستان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بھارت، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز جیسے مضبوط حریفوں سے ہوا۔ دوسری جانب آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبر آئرلینڈ نے گذشتہ 11 میں سے 8 میچز جیتے مگر یہ فتوحات اپنی جیسی ٹیموں کینیا، اسکاٹ لینڈ، کینیڈا، نیدرلینڈ اور افغانستان کے خلاف سامنے آئیں۔

اس عرصے میں آئرش ٹیم نے صرف ایک ٹیسٹ ٹیم بنگلہ دیش سے تین میچز کی سیریز کھیلی اور تمام مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اسی طرح آٹھویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش نے بھی اپنے 8 میں سے 6 میچز ایسوسی ایٹ ٹیموں کے خلاف کھیلے ہیں۔
Load Next Story