عیدالفطرکب ہوگی رویت ہلال ریسرچ کونسل نے اہم پیش گوئی کردی

شوال المکرم کے آغازیعنی عیدالفطر کا شرعی اعلان بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ہی کریں گے

اس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد 14 مئی2021ء کوہوگی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالفطرکی تاریخ سے متعلق اہم پیش گوئی کردی۔

اس سال ملک بھرمیں رمضان المبارک کا آغازتو ایک ہی دن سے ہوا ہے تاہم عیدالفطرکے چاند کی رویت پر تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے، پاکستان میں شوال المکرم کے چاند کی پیدائش 11 اور12 مئی کی رات 12 بجے ہوگی جبکہ عیدالفطر13 کی بجائے 14 مئی بروزجمعہ ہونے کا امکان ہے۔


رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے فراہم کیے گئے اعداد وشمار کےمطابق 29 رمضان المبارک یعنی بدھ 12 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو عمومی طور پر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے وہ اگرچہ لاہور میں 18 گھنٹے 50 منٹ، مظفر آباد میں 18 گھنٹے 58 منٹ، راولپنڈی، اسلام آباد اور گلگت میں ٹھیک 19 گھنٹے جبکہ پشاور اور کراچی میں 19 گھنٹے پانچ منٹ، کوئٹہ میں 19 گھنٹے 17 منٹ اور جیوانی میں ملک بھر میں سب سے زائد 19 گھنٹے 27 منٹ ہو چُکی ہو گی لیکن غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق جو عمومی طور پر کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیئے وہ لاہور میں 35 منٹ جبکہ دیگر شہروں یعنی پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت، کراچی، کوئٹہ اور جیوانی میں 36 منٹ ہو گا لہٰذا 12 مئی 2021 ء بمطابق 29 رمضان المبارک کی شام پاکستان کے کسی بھی علاقے میں ننگی آنکھ سے یعنی بغیر بصری آلات کی مدد کے رویتِ ہلال کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد 14 مئی2021ء کوہوگی۔

مرکزی رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالداعجازمفتی نے ایکسپریس کوبتایا کہ اگرمرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان نے 29 رمضان المبارک بمطابق 12 مئی کی شام پاکستان کے کسی بھی علاقے سے رویتِ ہلال کی جھوٹی شہادتوں کو قبول کرتے ہوئے جمعرات 13 مئی کوعید الفطر کا اعلان کیا تو پھر اس شک کو تقویت ملے گی کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پرانی رویتِ ہلال کمیٹی کی تحلیل اورنئی رویتِ ہلال کمیٹی کی تشکیل کے بعد شعبان المعظم کا آغاز بھی جان بوجھ کر ایک دِن بعد کیا گیا تھا تاکہ سعودی عرب اور دیگرخلیجی ممالک کی طرح پاکستان کے مسلمان بھی اپنے مذہبی تہواراپنے اصل ایام پر نہ منا سکیں.

واضع رہے کہ اس سال رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاورمیں ہوا تھا اورملک بھرمیں ایک ہی دن رمضان المبارک کے آغازکا اعلان کیا گیا تھا۔ اب شوال المکرم کے آغاز یعنی عیدالفطرکا شرعی اعلان بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیرآزاد ہی کریں گے۔
Load Next Story