عید میلاد النبیمرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا

صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ درود و سلام اور دعاؤں سے ہوگا

کراچی:عید میلادالنبیؐ کے موقع پر مقامی مسجد کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔فوٹو:محمد ثاقب/ایکسپریس

جشن عید میلاد النبیؐ آج (منگل) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جائے گا اور صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوگا۔

، نماز فجر کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی و استحکام ، امت مسلمہ کی سربلندی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، شہر کی مساجد، عمارتوں، شاہراہوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، اخبارات و رسائل عید میلاد النبی کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع کریں گے جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز خصوصی پروگرام پیش کریں گے، شہر بھر میں عید میلاد النبیؐ کی ریلیاں، جلوس اور جلسے منعقد ہوں گے، جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ تراب لحق قادری،حاجی محمد حنیف طیب،علامہ کوکب نو رانی اوکا ڑوی ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،صوفی محمد حسین لاکھانی، مولانا خلیل الر حمن چشتی ، ڈاکٹر عبدالرحیم ،مولانا محمد اکرم سعیدی ودیگر قائدین ،علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا جوبراستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا ۔

اور جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ عید میلاد النبی5بجے شام نشتر پارک میں علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کی زیر صدارت منعقد ہوگا جلسے سے جید علمائے کرام خطاب کریں گے، قراردادیں پیش کرینگے، نماز عصر اور مغرب نشترپارک میں اداکی جائے گی، میلاد النبی کے مرکزی جلوس اور جلسہ کے انتظامات کو جماعت اہلسنّت کراچی کے1500رضا کار اور اسکاؤٹس انجام دینگے، علامہ شاہ تراب الحق قادری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید میلادالنبی کے مرکزی جلو س کے تمام شرکا انتظامیہ اور رضاکاروں سے مکمل تعاون کریں،جماعت اہلسنّت کراچی نے منتظمین جلوس کو ہدایت جاری کی ہے کہ جلوس آرگنا ئزر ایک دوسر ے کے جلو س کا احترام کرینگے۔




ہر تنظیم پابندی وقت کے ساتھ جلوس نکالیں،کسی بھی تنظیم کے جلو س کو روک کر داخل ہو نے یا آگے نکلنے کی کوشش ہرگز نہ کی جا ئے، ایم اے جناح روڈ میں جلوس کے داخلے کے پوائنٹ کو استعمال کیا جائے جبکہ جلوس کی گا ڑیوں کو مزار قائد کے سامنے پارک میں کھڑا کیا جائے، منفی نعر وں پر مبنی وال چا کنگ نہ کی جائے، حفاظت پر مامور پولیس ،رینجرزکے کام میں مداخلت ہرگز نہ کی جائے، جماعت اہلسنّت اور دیگرسنّی تنظیمات و میلاد انجمنو ں کی جانب سے ایم اے جناح روڈ اور شہرکے مرکزی مقامات پربھی کیمپ قائم کیے جائیں گے،نیز شہر بھر کی مسا جد میں جشن ولادتِ مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محا فل نعت ،میلاد شریف ،قصیدہ بردہ شریف ،ختم درود پاک کی محا فل کا انعقاد کیا جائے گا۔

شہر کے مختلف علاقوں سے نکالے جانے والے جلوس بھی نشترپارک پہنچیں گے، نظام مصطفی پارٹی کا جلوس صاحبزادہ سعید امینی ایڈووکیٹ، سید ارشدعقیل و دیگر کی قیادت میں فیڈرل بی ایریا سے نشترپارک تک نکالا جائیگا، خطیب پاکستان علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی کی قیادت میں مرکزی جامع مسجد گلزارحبیب سولجربازار سے عیدمیلاد النبی کا جلوس بعد نماز ظہر برآمد ہوکر ایم اے جناح روڈ پر جماعت اہلسنّت کے مرکزی جلوس میں شامل ہوکر نشترپارک پہنچے گا۔
Load Next Story