مشرف سے حلف لینے والے بھی غداری کے زمرے میں آتے ہیںالطاف حسین

سابق وزیر اعظم،وفاقی وزرا، چیف جسٹس یا جج ہوں سب کے خلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے

میں نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا بلکہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق اپنا فرض ادا کررہا ہوں،قائد ایم کیوایم۔فوٹو:فائل

لاہور:
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ ایک سچے اور محبت وطن پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق اپنا فرض ادا کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے آئین و قانون کی پاسداری اور وصول کی بات کررہے ہیں۔

وہ سابق صدر اور سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل پرویز مشرف کے وکیل اور اے پی ایم ایل کے رہنما احمد رضا قصوری سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے۔ احمد رضا قصوری نے الطاف حسین کو فون کرکے جنرل پرویز مشرف کی کھل کر حمایت کرنے پر سابق صدر پرویز مشرف اور اے پی ایم ایل کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور کہاکہ اس مشکل وقت میں آپ نے جس طرح سابق صدر پرویز مشرف کی حمایت کی ہے اس سے ہمیں بہت سہارا ملا ہے۔ انھوں نے بڑی تعداد میں ایم کیو ایم کے ارکان کے اسپتال پہنچنے اور گلدستوں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا بلکہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق اپنا فرض ادا کررہا ہوں، پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ اگر پرویز مشرف غدار ہیں تو ان کا ساتھ دینے والے اور ان کے ہاتھوں حلف اٹھانے والے تمام فراد خواہ و سابق وزیراعظم ہوں، وفاقی وزرا ہوں، چیف جسٹس ہوں یا ججز ہوں وہ بھی غداری کے زمرے میں آتے ہیں لہٰذا ان کے خلاف بھی غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے۔




احمد رضا قصوری نے الطاف حسین کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ جس نے پاک فوج میں برسوں خدمات انجام دیں، آرمی چیف کی حیثیت سے پاک فوج کی قیادت اور صدر مملکت کی حیثیت سے پاکستان کی خدمت کی اس شخصیت کو غدار قرار دیا جارہا ہے۔ اگر وہ غدار ہیں تو پھر محب وطن کون ہے، جس ملک کے سپہ سالار کو غدار قرار دیا جائے تو اس ملک کا دفاع کون کرے گا؟ احمد رضا قصوری نے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت 12 اکتوبر 1999 سے مقدمہ چلانے سے اس لیے گریز کیا جارہا ہے کیونکہ اس میں ان کے ساتھ شریک لوگ اور پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججز بھی زد میں آتے ہیں۔ احمد رضا قصوری نے جنرل پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کے حوالے سے الطاف حسین کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو بھی بالکل درست قرار دیا، ان کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا اور صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔ دریں اثنا نبی آخری الزماں حضرت محمد مصطفیؐ کے جشن ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ نبی کریمؐ نے تلوار کے بجائے اپنے عمل وکردار، حسن اخلاق اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے دین اسلام کو پھیلایا، سرکار دو عالمؐ سے عقیدت ومحبت کا تقاضہ ہے کہ تمام مذاہب ومسالک کے ماننے والوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔
Load Next Story