ورکرز ویلفیئر فنڈ میں موجود رقم مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلیے بحال کی جائے ایکسپریس فورم

پنجاب حکومت نے مزدور کی کم از کم اجرت میں 2 ہزار کا اضافہ کر دیا،اضافہ مزدوروں کی خوشحالی کیلیے عملی قدم ہے ،ضیغم عباس

یوم مزدور پر ایکسپریس فورم میں ضیغم عباس، خورشید احمد، بشریٰ خالق شریک گفتگو ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI:
پنجاب حکومت نے مزدور کی کم از کم اجرت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ، اب مزدور کو کم از کم 19500 روپے ماہانہ اجرت ملے گی، فیصلے کا اطلاق جولائی سے ہوگا۔

موجودہ حکومت نے مزدوروں کے حقوق اورخوشحالی کیلئے اہم قانون سازی کی، غیر رسمی شعبے میں کام کرنے والوں کو بھی مزدور کا درجہ دیا، اب ان کی سوشل سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں، اب انہیں مختلف برانڈز پر ڈسکائونٹ بھی دیا جائے گا۔ورکرز ویلفیئر فنڈ میں ایک کھرب روپے سے زائد موجود ہے مگر وفاق اور صوبے میں جھگڑے کی وجہ سے یہ مزدوروں کی فلاح کے لیے استعمال نہیں ہورہا، اسے فوری بحال کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار حکومت اور مزدوروں کے نمائندوں نے ''عالمی یوم مزدور'' پر منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیا۔ فورم کی معاونت احسن کامرے نے کی۔


ڈائریکٹر لیبر ضیغم عباس نے کہا پنجاب حکومت نے مزدور کی کم از کم اجرت میں 2 ہزار روپے ماہانہ اضافہ کر دیا ہے، اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔ اس حوالے سے سٹیک ہولڈرز کو ایک ماہ میں اپنی تجاویز اور اعتراضات سے آگاہ کرنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ مزدوروں کی خوشحالی کیلئے عملی قدم ہے۔

سیکریٹری جنرل آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن خورشید احمد نے کہا آج جب ہم یوم مزدور منا رہے ہیں تو دنیا سمیت پاکستان میں بھی بے شمارچیلنجز درپیش ہیں جن میں سب سے بڑا مسئلہ کورونا ہے جس کے باعث صنعت بند ہوئی اور مزدور بے روزگار ہوئے۔ گزشتہ دو برسوں میں مہنگائی 100 گنا بڑھ گئی ، غریب پس رہا ہے، اس وقت لیبر کے حوالے سے 72 قوانین موجود ہیں مگر عملدرآمد کا فقدان ہے.

نمائندہ سول سوسائٹی بشریٰ خالق نے کہا مزدور کی خوشحالی کے بغیر ملک خوشحال نہیں ہوسکتا، اس کی حق تلفی ہوتی ہے اور خوشحالی کے اثرات اس تک نہیں پہنچتے۔ مردوں کے مقابلے میں خواتین کو کم معاوضہ ملتا ہے،مردوں کے مقابلے میں خواتین صرف 16.3 فیصد کماتی ہیں جو واضح کرتا ہے کہ خواتین کا کس قدر معاشی استحصال ہورہا ہے،گلوبلائزیشن کے اس دور میں اب خواتین ایسے شعبوں میں بھی کام کر رہی ہیں جہاں پہلے کبھی تصور نہیں کیا جاسکتا تھا۔
Load Next Story