دہشت گردی کا خاتمہ قومی سلامتی کا اہم مسئلہ ہے صدر ممنون

توانائی کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائیگا،کنٹری ڈائریکٹرسے ملاقات

اسلام آباد:صدر مملکت ممنون حسین سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹرایوان صدر میں ملاقات کررہے ہیں۔فوٹو:آئی این پی

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریگا دہشت گردی کا خاتمہ قومی سلامتی کا اہم مسئلہ ہے۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انھوں نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔صدر ممنون حسین نے ورلڈ بینک کے پاکستان کے ساتھ کام کے تعلقات کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ادارہ ملک میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔ ملک میں توانائی کی ضروریات کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے زور دیا کہ بینک پاکستان میں توانائی اور پانی کے وسائل کیلیے فنانسنگ پرغور کرے کیونکہ توانائی کے ان دونوں مسائل کی شدید قلت کے باعث پاکستانی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان میں توانائی بحران سے نمٹنے کی کوششوں میں تعاون کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔




دریں اثنا اپنے ایک انٹرویو میں صدر نے علما پر زوردیا ہے کہ وہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے امن اور بھائی چارے کے لیے کام کریں انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی سلامتی کا ایک اہم مسئلہ ہے ،علاوہ ازیں انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اوراقوام متحدہ کے سابق مشیرخاص برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے ایوان صدراسلام آباد میں صدر ممنون حسین کی دعوت پران سے تفصیلی ملاقات کی اورانسانی حقوق وشہری آزادیوں جیلوں کی صورتحال خطے میں امن سمیت انسانی اسملنگ غیرملکی جیلوں میں پھنسے پاکستانی شہریوں اورکراچی کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔
Load Next Story