سردار صالح بھوتانی سے صوبائی وزارت كا قلمدان واپس لے ليا گیا

وزیر اعلی جام کمال نے حکومت کو غیر مستحکم کرنے والے وزراء کو سبق سیکھانے کا عندیہ دیا ہے، ذرائع

محکمہ بلدیات کا قلم دان لینے سے پہلے مشاورت کی اورنہ ہی اعتماد میں لیا گیا،صالح بھوتانی (فوٹو: فائل)

وزيراعلی بلوچستان جام كمال نے صوبائی وزير بلديات سردار محمدصالح بھوتانی سے وزارت كا قلمدان واپس لے ليا ہے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق گزشتہ روز وزيراعلی بلوچستان نے بلوچستان عوامی پارٹی ( بی پی اے) كے ركن اسمبلی اور سينیئر سياستدان سردار محمد صالح بھوتانی سے بلدیات و دیہی ترقی کی وزارت كا قلمدان واپس لے ليا ہے۔


جب کہ سابق صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات کا قلم دان لینے سے پہلے مشاورت کی اورنہ ہی اعتماد میں لیا گیا، قلم دان واپس لینے کے بعد کی صورتحال سے سنیئر ساتھیوں سے رابطے میں ہوں۔

بلوچستان حكومت كے ترجمان لياقت شاہواني كا كہنا ہے كہ صرف وزير بلديات كو ہٹائے جانے كا مطلب مزيد تبديلي نہيں ہے صوبائي حكومت نے صوبائي وزير بلديات و ديہي ترقي سردار محمد صالح بھوتاني سے محكمے كا قلمدان واپس لے ليا ہے يہ اقدام رولز آف بزنس 201 اے قائدہ 3(5)كے تحت اٹھايا گيا محكمے كا قلم دان اب وزيراعليٰ جام كمال خان كے پاس رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے جام کمال نے حکومت کو غیر مستحکم کرنے والے وزراء کو سبق سیکھانے کا عندیہ دے دیا ہے، جب کہ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام اتحادی متحد ہیں اور حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ صوبائی وزراء کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف کام کرنے والوں کی سازشیں ناکام ہوں گی ۔
سردار محمد صالح بھوتانی سے قلمدان واپس لیے جانے کے بعد بی اے پی کے بعض ارکان نے وزیر اعلی سے ناراض پاکستان تحریک انصاف کے سردار یار محمد رند اور اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کیے ہیں۔ جب کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا ناراض گروپ بھی متحرک ہوگیا ہے اور بعض حکومتی وزراء اور بی اے پی کے ناراض ارکان سردار صالح بھوتانی کی حمایت کرنے لگے ہیں۔
Load Next Story