پہلے میں نے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا اب دوسروں کو بھی کرنا چاہئے چیرمین پی سی ذکا اشرف

میرے دور میں پاکستان میں کرکٹ میں بہتری آئی اور جانے کے بعد بہتری کا عمل وہیں رک گیا، ذکا اشرف

اپنے دور میں غیر جانبدار رہ کر کرکٹ بورڈ کی سربراہی کی، ذکا اشرف فوٹو: این این آئی/فائل

چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ چوہدری ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ جب عدالت نے میرے خلاف فیصلہ دیا تھا تو میں نے تسلیم کیا اب دوسروں کو بھی عدالتی فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ان کے حق میں فیصلے کے بعد لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ مجھے اللہ پر پورا بھروسہ تھا کہ عدالتی فیصلہ میرے حق میں ہی آئے گا، ہم نے ہمیشہ عدالت کے فیصلے کو تسلیم کیا اب دوسروں کو بھی عدالتی فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے جو اقدامات کئے وہ سب کے سامنے ہیں، میرے دور میں پاکستان میں کرکٹ میں بہتری آئی اور جانے کے بعد بہتری کا عمل وہیں رک گیا۔


ذکا اشرف نے کہاکہ عہدے پر بحالی کے بعد سب سے پہلے کرکٹ بورڈ کی خراب صورتحال کو درست کروں گا، کرکٹ بورڈ پوری قوم کا ہے کسی سیاسی جماعت یا کسی فرد کا نہیں اوراپنے دور میںبھی غیر جانبدار رہ کر کرکٹ بورڈ کی سربراہی کی، چاہے میرا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو میں نے ٹورنامنٹس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو موعو کیا۔

ذکا اشرف کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کبھی کرکٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، میں صرف انتظامی معاملات دیکھتا تھا، کھیل سے متعلق تمام فیصلے کرکٹ کمیٹی کرتی تھی جس میں سابق کرکٹر شامل ہیں۔ اپنے دور میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال بلند کیا اور ان ہی کے کئے ہوئے اقدامات کی بدولت ہی آج پاکستانی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں سے کھیل رہی ہے۔
Load Next Story