میٹھا میٹھا ہے میرے محمدؐ کا نام چیچن رہنما کا بچے کا نام محمد رکھنے پر ہزاروں ڈالرز انعام کا اعلان

چیچن رہنما قاضی رؤف نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے کیا

جو والدین اپنی بیٹیوں کے نام امہات المومنین کے ناموں پر رکھیں گے انہیں بھی ایک ہزار ڈالر ہدیہ دیا جائے گا، چیچن رہنما فوٹو: فائل

ویسے تو ہر مسلمان کا نبی آخری الزمان حضرت محمد مصطفیٰﷺ سے اپنی محبت کا الگ الگ اظہار ہے اور یہ اظہار ماہ ربیع الاول میں تو اپنے عروج پر ہی نظر آتا ہے اور ایسا ہی کچھ ہوا روس کی ریاست چیچنیا میں جہاں چیچن رہنما رمضان قاضی رؤف نے بچے کا نام محمد رکھنے پر ہزاروں ڈالرز انعام کے طور پر ہی دینے کا اعلان کر ڈالا۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق چیچن رہنما رمضان قاضی رؤف نے حضرت محمدؐ کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کچھ انوکھے انداز میں کیا اور 12 ربیع الاول کو نبی کریم کے یوم ولادت کی نسبت سے اعلان کیا جو لوگ اپنے نومولود بچوں کے نام نبی کریمؐ کے نام پر رکھیں گے انہیں ایک ہزار ڈالر کا ہدیہ دیا جائے گا۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رمضان قاضی رؤف کی جانب سے یہ انوکھا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے نومولود بچوں کے نام نبی آخر الزمانؐ کے نام پر رکھنے پر ایک ہزار ڈالر کا ہدیہ دینے کا خیال دراصل ان کی والدہ کو آیا اس لئے یہ ہدیہ ان کی والدہ کی جانب سے ہی پیش کیا جائے گا، ان کی جانب سے اعلان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ جو والدین اپنی بیٹیوں کے نام امہات المومنین کے ناموں پر رکھیں گے انہیں بھی ایک ہزار ڈالر ہدیہ دیا جائے گا۔

چیچن رہنما کے اس منفرد اور اچوتھے اعلان پر چیچن عوام نے حیرت مگر خوشگوار ردعمل کا اظہار کیا ہے اور چیچنیا کے کئی خاندان اس کا ارادہ کرچکے ہیں وہ اپنے نومولود بیٹوں کا نام حضرت محمدؐ کے نام کی نسبت سے اور بیٹیوں کا نام امہات المومنین کے نام پر رکھیں گے۔
Load Next Story