پنجاب میں بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو 10 مئی کی شام تک چلنے کی اجازت

10 مئی کی شام 6 بجے کے بعد 15 مئی صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد ہوگی

(فائل فوٹو)

پنجاب حکومت نے بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو 10 مئی کی شام 6 بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد 15 مئی صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصلہ سول سیکرٹریٹ میں کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقد اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکریٹری پنجاب اور اعلی سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے، ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد بڑھانے اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔


ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر پر ویکسین کی کوئی کمی نہیں، روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے، ویکسی نیشن کرنے کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت پر کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، امید ہے اگر لوگوں نے لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کر لیا تو وباء میں کمی آئے گی۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ حکومت کے لیے لوگوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے، لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ مفاد عامہ میں کیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story