15اور 16 مئی کو بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان کا امکان

طوفان متفرق سمتوں میں سفر کے بعد مختلف ممالک کے ساحلی مقامات کا رخ کر سکتا ہے۔

اس وقت پاکستان کے ساحلی علاقوں کوکوئی خطرہ نہیں، ترجمان محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

15 اور 16 مئی کے درمیان بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا ایک کم دباؤ بن سکتا ہے، لوپریشر ایریا ممکنہ طور پر طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق 15 اور 16 مئی کے درمیان بحیرہ عرب(عربین سی)کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباو بعدازاں ہائی پریشر ایریا میں تبدیل ہوسکتاہے،ہائی پریشر ایریا کے بعد اگلامرحلہ طوفان میں تبدیل ہونا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عموما اس قسم کے لو پریشر ایریاز سمندر میں ہی ختم ہوجاتے ہیں مگر اس وقت چونکہ سطح سمندرکے درجہ حرارت بلند ہیں تو امکان ہے کہ لو پریشر طوفان کی شکل اختیار کرلے۔


سردار سرفراز کے مطابق لو پریشرایریا ڈپریشن میں بدلنے کے بعد ہی اس کی شدت اور ممکنہ سمت(ٹریک)کے بارے میں تعین ہوسکے گا تاہم اس وقت پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

غیر سرکاری ویدر اپ کراچی ڈوپلر کے جواد میمن کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے ممکنہ طوفان کو میانمار کی جانب سے توکتے نام دیا جائے گا، ان کا کہنا ہے کہ عموما بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان جوکہ مون سون سے قبل تشکیل پاتے ہیں،جن کا رخ عمان،بھارتی گجرات اور پاکستان کے ساحلی مقامات کی جانب متوقع ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی برسوں کے دوران بحیرہ عرب میں جو سمندری طوفان بنے ہیں، ان کا فاصلہ کراچی کے ساحل سے 650 کلومیٹر تا 1050 کلومیٹر کی دوری تک رپورٹ ہوچکا ہے تاہم یہ دیگر ممالک کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے البتہ اس کے نتیجے میں پاکستان کے ساحلی مقامات بالخصوص بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بارشیں ریکارڈ ہوچکی ہیں۔

غیرسرکاری ویدر اسٹیشنز کے مطابق بحیرہ عرب میں غیرمعمولی سرگرمی کے نتیجے میں آئندہ آنے والے دنوں میں کراچی کے موسم میں تبدیلی میں متوقع ہے جس میں سمندری ہواؤں کی بندش کے سبب گرمی کی شدت میں اضافے جیسے امکانات شامل ہیں۔
Load Next Story