پاک سعودی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کےعزائم خاک میں مل گئے وزیر خارجہ

سعودی عرب نے پاکستان کو 500 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر خارجہ

شہباز شریف بھی چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک سعودی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کےعزائم خاک میں مل گئے,

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کی دعوت پر 3 روزہ دورہ کیا، دورہ سعودی عرب میں محمد بن سلمان سمیت دیگر حکام سے اچھے ماحول میں اہم امور پر بات چیت ہوئی، دورے کے دوران سعودی عرب سے بات چیت کے 3 دور ہوئے، ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ سعودی عرب سے پاک سعودی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کےعزائم خاک میں مل گئے، سعودی عرب کے ساتھ 5 معاہدے ہوئے ہیں، سعودی پاکستان اسٹریٹجک سپریم کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے تحت باقاعدہ ادارہ جاتی رابطے ہوں گے جس کے تین ستون ہوں گے، ایک سیکیورٹی اور سیاسی ستون ہے جس کی سربراہی پاکستان کا وزیر خارجہ کرے گا، دوسرا ستون معیشت سے متعلق ہے جس کی سربراہی پاکستان کا وزیر خزانہ کرے گا جبکہ تیسرا ستون ثقافتی رابطوں میں تعاون کی سربراہی پاکستان کا وزیر ثقافت کرے گا۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے، محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت نوکریوں میں پاکستانیوں کے لئے کوٹہ مختص کیا جائے گا، سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا، سعودی عرب نے 500 ملین ڈالر مزید دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ رقم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر استعمال کی جائے گی، منصوبے سے پاکستان میں بجلی کی قیمت کم ہوگی۔

شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف کوعلاج کی غرض سےبیرون ملک جانےکی اجازت دی گئی، شہباز شریف نے عدالت کو ضمانت دی کہ نواز شریف اپنے علاج کے بعد واپس آئیں گے، اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو صحت دے دی ہے وہ پی ڈی ایم جلسوں سے بھی خطاب کررہے ہیں۔ اب شہبازشریف کی بیماری کا جواز بنایا جارہا ہے، شہباز شریف چلتے پھرتے ہیں اور ٹھیک ٹھاک نظر آرہے ہیں، اگر شہباز شریف بھی چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا۔ کیا کرپشن کے خاتمے کا ٹھیکہ صرف عمران خان نے لیا ہے، باقی اداروں کی بھی کچھ ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے ملتان کے لئے 30 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کاسنگ بنیاد بہت بڑا اقدام ہے، وقت ضرور لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کے شہروں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
Load Next Story