گورنراوروزيراعلی بلوچستان كی جانب سے قوم كوعيد كی مباركباد

عيد ملن پارٹيوں اور اجتماعات سے گریز کریں اورمبارك باد دينے كے لیے سوشل ميڈيا كا استعمال كريں، گورنر بلوچستان

گورنراور وزیراعلی نے مسجد اقصی اور فلسطين پر كيے جانے والے اسرائیلی حملوں كی بھرپور مذمت کی۔(فوٹو:فائل)

گورنر اور وزیر اعلی بلوچستان نے قوم کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عيد ملن پارٹيوں اور اجتماعات سے گریز کریں اورمبارك باد دينے كے لیے سوشل ميڈيا كا استعمال كريں۔

گورنر بلوچستان امان اللہ خان ياسين زئی اور وزيراعلی بلوچستان جام كمال خان نے عيدالفطر كے موقع پر پوری قوم کومبارك باد پيش كی ہے، اپنے الگ الگ پيغامات ميں انھوں نے كہا ہے كہ عيد كا دن تمام مسلمانوں كے لیے ماہ رمضان كے دوران عبادت، رياضت، اطاعت شعاری اور روزوں كی مشقت برداشت كرنے كے بدلے ميں اللہ تعالی كی طرف سے انعام كا دن ہے.

گورنر اور وزیر اعلی نے اسرائيل كی جانب سے مسجد اقصی اور فلسطين پر كيے جانے والے اسرائیلی حملوں كی بھرپور مذمت کی اورعالمی برادری سے اس كا نوٹس لينے كی درخواست بھی کی۔

انہوں نے كہا كہ مسجد اقصی میں بے گناہ نمازيوں پر حملہ انسانی حقوق اور عالمی قوانين كی خلاف ورزی ہے جس كی شديد مذمت كرنی چاہيے۔

انھوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ عيد سادگی سے اور اپنے گھروں ميں منا ئیں اور ان افراد كا خصوصی خيال ركھيں جو عيد منانے كی استطاعت نہيں ركھتے ہيں۔


انہوں نے كہا كہ اپنی خوشيوں میں معاشرے كے غريب اور محنت كش طبقے كو بھی ضرور شریک کریں، تاكہ كروناوائرس كی وجہ سے تنگ دستی كی اس گھڑی ميں معاشرے كے غريب اور نادار لوگ خود كو تنہا محسوس نہ كريں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ کورونا کے پیش نظرحفاظتی تدابير پر سختی سے عمل درآمد كو يقينی بنائیں اور نمازوں سميت ہر قسم كے اجتماعات اور تقريبات كے دوران بھی ایس او پیز کو لازمی فالو کریں۔

وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ صاحب حیثيت لوگ عيد كی خوشيوں ميں ان لوگوں كو بھی شريك كريں جو عيد منانے كی استطاعت نہيں ركھتے، عيد ملن پارٹيوں اور اجتماعات ميں جانے سے گريز كريں، اپنے دوستوں اورعزيز واقارب كو عيد كی مبارك باد دينے كے لیے سماجی رابطوں كی ويب سائيٹس كا استعمال كريں۔

ان کا کہنا تھا کہ غير ضروری سفر سے بھی اجتناب كيا جائے تاكہ آپ خود كو اور اپنے والدين، بزرگوں، بچوں اور خاندان كے ديگر لوگوں كو كورنا وائرس سے محفوظ ركھ سكيں۔

انہوں نے تما م مسلمانوں سے اپنی عبادات ميں كورونا وائرس كے خاتمے اور وائرس كے شكار افراد كی جلد صحت يابی اورملك و قوم كی ترقی اور سالميت كی خصوصی دعائيں مانگنے كی درخواست بھی كی۔
Load Next Story