سرجانی پولیس نے جعلی پولیس انسپیکٹر کوگرفتارکرلیا

ملزم پہلے بھی جعلی پولیس افسر بن کراغوا برائے تاوان اور منشیات فروشی کے الزام میں جیل جاچکا ہے

ملزم شہری کو اسلحے کے زور پر تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔

ISLAMABAD:
سُرجانی ٹاؤن پولیس نے چاند رات کو پولیس یونیفارم کی آڑ میں شہریوں سے بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کرنے والے جعلی پولیس انسپکٹر کو گرفتار کر لیاہے۔

سرجانی ٹاؤن مدد گار15 پولیس نے چاند رات کو پولیس یونیفارم پہن کر شہریوں سے بھتہ لینے اور مارپیٹ کرنے والے جعلی انسپیکٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ سوہائے عزیز تالپور کے مطابق گرفتار ملزم نے خود کو فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے کا پی کیو آر انسپکٹرظاہر کیا تھا۔ ملز اس سے پہلے بھی پولیس یونیفارم کا استعمال کر کے اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرم میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔


ملزم شہری انور ولد جاوید کو اسلحے کے زور پر تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا، شہری کی جانب سے اطلاع ملتے ہی سرجانی ٹاؤن پولیس نے پولیس انسپیکٹر کی وردی میں ملبوس ملزم وجیہ الدین ولد بشیر الدین کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ 2 لوڈڈ میگزین اور پولیس انسپکٹر کی یونیفارم برآمد کرلی ہے۔

ملزم پولیس یونیفارم پہن کراسلحے کے زور پر شہریوں کو اغوا کرتا اور تاوان کا مطالبہ کرتا تھا، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمات الزام نمبر 801/2021 اور 802/2021 درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ برآمد ہونے والا اسلحہ فارنزک معائنے کے لیے بھیجا جائے گا۔

ملزم عادی مجرم ہے اور پہلے بھی جعلی پولیس افسر بن کراغوا برائے تاوان اور منشیات فروشی کے درجنوں مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے، ملزم کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
Load Next Story