حکومت کی شہبازشریف سے متعلق اپیل کی جلد سماعت کےلیے درخواست دائر

لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم 8 مئی کو حکومت نے انہیں جانے سے روک دیا تھا

وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دے دی تھی۔(فوٹو:فائل)

وفاقی حکومت نے شہباز شريف كے بيرون ملك جانے كي اجازت کے معاملے پر لاہور ہائيكورٹ کے حكم كے خلاف اپيل كی جلد سماعت کےلیے درخواست دائر كردی ہے۔

سپريم كورٹ ميں دائر کی جانے والی درخواست ميں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر اس اپیل پر جلد سماعت نہیں کی گئی توحكومت كو ناقابل تلافي نقصان ہو گا، لہذاانصاف كے تقاضوں كو مدنظر ركھتے ہوئے درخواست كو جلد سماعت كے ليے مقرر كيا جائے۔

واضح رہے كہ گزشتہ روز ہی وفاقی حكومت نے مسلم ليگ (ن) كے صدرشہباز شريف كا نام بليك لسٹ سے نكالنے سے متعلق لاہور ہائی كورٹ كا فيصلہ سپريم كورٹ ميں چيلنج كيا تھا جس ميں موقف اختياركيا گيا كہ لاہورہائی كورٹ كا حكم قانون كے تناظرميں برقرار نہيں ركھا جا سكتا، لاہورہائي كورٹ نے اس حوالے سے متعلقہ حكام سے نا تو كوئی جواب مانگا اور نہ ہی كوئي رپورٹ طلب كی گئی۔


درخواست ميں مزيد كہا گيا كہ شہبازشريف كے واپس آنے كی كوئی ضمانت نہیں، شہبازشريف نوازشريف كی واپسی كے ضامن ہيں، اس لیے شہباز شريف كا نام بليك لسٹ سے نكالنے كا حكم كالعدم قرارديا جائے۔

اپيل آئين كے آرٹيكل 185/3 كے تحت دائر كی گئی ہے ۔ درخواست ميں اپيل پر فيصلے تك لاہور ہائي كورٹ كا فيصلہ معطل كرنے كي استدعا كي گئی ہے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم 8 مئی کو حکومت نے انہیں جانے سے روک دیا تھا۔ جس کے بعد وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ نے اُن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد یہ معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیجا گیا تھا۔ اور وفاقی کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی تھی۔
Load Next Story