’’اعزازی‘‘ چیئرمین پر تقریباً 10 لاکھ ماہانہ خرچ

’’ورک فرام ہوم ‘‘کے باوجود 9 ماہ میں اخراجات 85لاکھ، 92ہزار رہے۔

’’ورک فرام ہوم ‘‘کے باوجود 9 ماہ میں اخراجات 85لاکھ، 92ہزار رہے۔ فوٹو : فائل

پی سی بی کے ''اعزازی'' چیئرمین پرتقریباً10 لاکھ روپے ماہانہ خرچ ہونے لگے،بیشتر وقت ''ورک فرام ہوم کے باوجود9 ماہ میں اخراجات 85لاکھ، 92ہزار رہے۔

پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق جولائی 2020 سے مارچ 2021تک 9ماہ میں چیئرمین احسان مانی پر 85 لاکھ 92 ہزار سے زائد خرچ ہوئے، انھوں نے بیشتر وقت ''ورک فرام ہوم کے باوجود اوسطاً ایک ماہ میں 10 لاکھ روپے سے چند ہزار ہی کم خرچ کیے۔

غیرملکی دوروں پر 16 لاکھ 17 ہزار روپے، اندرون ملک سفر پر 15 لاکھ 99 ہزار روپے کے اخراجات آئے، رہائش کا کرایہ 33 لاکھ 63 ہزار روپے ادا کیاگیا، ذاتی گاڑی نے2لاکھ 3ہزار روپے کا پیٹرول استعمال کیا۔


سیکیورٹی گاڑی کے پیٹرول، مرمت وغیرہ کی مد میں 6لاکھ 34 ہزار روپے لگے، فونز اوریوٹیلٹی بلز پر3 لاکھ 4ہزار روپے خرچ ہوئے، سیکیورٹی گارڈز اور گھریلو ملازمین کیلیے 5 لاکھ 24 ہزار بورڈ کو ادا کرنا پڑے، میڈیکل اخراجات 81 ہزار روپے رہے۔

بیرون ملک سفر کے دوران ڈیلی الاؤنس اور رہائش کی مد میں 11لاکھ 22 ہزار، سفری اخراجات پر 4 لاکھ95 ہزار، اندرون ملک سفراور رہائش پراخراجات 15 لاکھ 41 ہزارکے ساتھ 57 ہزار کا ڈیلی الاؤنس بھی بورڈ سربراہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کیاگیا۔

احسانی مانی نے بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ کا الاؤنس وصول نہیں کیا تاہم بزنس انٹرٹینمنٹ کی مد میں 2لاکھ63 ہزارایک سو90 روپے خرچ کیے۔ گورننگ بورڈ ممبران پر 10 لاکھ 57 ہزار روپے خرچ ہوئے، ان میں 2 لاکھ 10 ہزار ڈیلی الؤنس، 2 لاکھ 57 ہزاررہائشی انتظامات، 2لاکھ 90ہزارمیٹنگ الاؤنس، ایک لاکھ 71 ہزار سفری اخراجات اور ایک لاکھ 28 ہزار کنوینس کی مد میں ادا کیے گئے۔

یاد رہے کہ پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی طرح چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی اس دوران بیشتر ورک فرام ہوم کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کرتے رہے ہیں،دلچسپ بات یہ ہے کہ وسیم لاہور کے بجائے برطانیہ والے گھر سے کام کر رہے ہیں، ان کے اخراجات پی سی بی ویب سائٹ پر نہیں دیتا۔
Load Next Story