ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل ڈرا پر فاتح کون ہوگاسوال اٹھنے لگے

ٹائی یا وائٹ واش پرچیمپئن کا تاج کس کے سر پر سجے گا،بھارت جواب کا منتظر

آئی سی سی نے جلد ہی میچ کی پلیئنگ کنڈیشنز جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ڈرا ہوا تو فاتح کون ہوگا؟ ٹائی یا مقابلہ وائٹ واش ہونے کی صورت میں چیمپئن کا تاج کس کے سر پر سجے گا؟ بھارت بے چینی سے ان سوالات کا جواب جاننے کا منتظر ہے۔

پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 18 سے 22 جون تک بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان انگلینڈ میں کھیلا جائے گا،ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان نہیں کیا گیا، بھارت جاننا چاہتا ہے کہ اگر یہ میچ ڈرا، ٹائی یا بارش کی نذر ہوا تو پھر چیمپئن کا انتخاب کیسے ہوگا۔

بی سی سی آئی کے ایک سینئر آفیشل نے کہا کہ چونکہ یہ کوئی باہمی ٹیسٹ سیریز کا میچ نہیں ہے، اس لیے ہمیں پلیئنگ کنڈیشنز کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہوگی، خاص طور پر ہم3 بنیادی پوائنٹس کا جواب چاہتے ہیں، اگر میچ ڈرا، ٹائی یا پھر بارش کی وجہ سے وائٹ واش ہوگیا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک اننگز بھی مکمل کرنے کی مہلت نہیں ملی تو پھر نتیجہ کیا ہوگا؟


آئی سی سی آنے والے دنوں میں اس مقابلے کی پلیئنگ کنڈیشنز جاری کرنے والی ہے، ہم کوئی حتمی تاریخ تو نہیں دے سکتے مگر یقین ہے کہ جلد ہی اس بارے میں آگاہ کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے بھارتی کھلاڑی ممبئی میں قرنطینہ کرچکے ہیں،مقامی پلیئرز اور دیگر اسٹاف ایک ہفتے بعد بائیوببل جوائن کرے گا، 3 چارٹر فلائٹس پر مینز اور ویمنز ٹیموں کو 2 جون تک ساؤتھمپٹن پہنچایا جائے گا، جہاں پر مزید 10 روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔

 
Load Next Story