جنرل سیکریٹری اقوام متحدہ کا فلسطین اور اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوئتریس نے فلسطین میں فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں انتونیو گوئتریس نے کہا کہ میں غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والی مستقل فضائی اور زمینی بمباری سے بہت دل گرفتہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ال ساتی پناہ گزین کیمپ میں ایک ہی خاندان کے نو افراد کی ہلاکت کی خبر تو بہت ہی ہولناک ہے۔ انتونیو گوئتریس نےغزہ میں میڈیا کے دفاتر پر حملے اور صحافی کی ہلاکت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا غزہ میں بین الاقوامی افواج کی تعیناتی کا مطالبہ
انہوں نے دونوں فریقین سے ہتھیار پھینکنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین فوراً جنگ بندی کریں، انہوں نے جنگ سے متاثرہ دونوں ممالک کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین، خصوصاً غزہ گزشتہ دس دنوں میں ہلاکت خیز، پُر تشدد اور خطرناک کارروائیوں کا شاہد ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس او آئی سی ( آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن) اورعرب گروپ کی جانب سے بلایا گیا تھا، اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی بمباری سے اب تک فلسطین میں 60 بچوں اور خواتین سمیت 208 افرادشہید اور ہزاروں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔