پی ایس ایل 6پروٹیز کرکٹرزکوپہلے ابوظبی بلانے پرغور

10 روزہ قرنطینہ کے سبب جنوبی افریقی اور بھارتی ٹی وی کریو کی جلدآمد متوقع

ایونٹ کو ایک روز قبل 4 جون کو ہی شروع کرنے کی تجویزبھی سامنے آ گئی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی پروٹیز کرکٹرزکوپہلے ابوظبی بلانے پرغورکرنے لگا جب کہ 10 روزہ قرنطینہ کی وجہ سے جنوبی افریقی اور بھارتی ٹی وی کریو کی بھی جلد آمد متوقع ہے۔

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز آئندہ ماہ یو اے ای میں کھیلے جائیں گے، گذشتہ روز منی ڈرافٹ میں ٹیموں نے عدم دستیاب کھلاڑیوں کے متبادل چن لیے،ابتدائی کورونا ٹیسٹ بھی ہوگئے، پیر کو ٹیمیں ہوٹلز کے بائیو ببل میں رپورٹ کریں گی، وہاں ایک اور ٹیسٹ لیا جائے گا اور سنگل ڈور ویکسین لگے گی،26 مئی کی صبح ساڑھے 8 بجے کراچی جبکہ سوا9 بجے لاہور سے چارٹرڈ فلائٹس پر ابوظبی روانگی طے ہے۔

ابوظبی کی حکومت نے 7روزہ قرنطینہ کاکہا ہے، البتہ بھارت اور جنوبی افریقہ سے آنے والوں کو10 دن تک آئسولیٹ رہنا ہوگا، بھارت سے تو صرف ٹی وی کریو آئے گا البتہ جنوبی افریقہ سے کرکٹرز کو بھی یو اے ای آنا ہے، قرنطینہ تاخیر سے ختم ہونے کی صورت میں انھیں بغیر پریکٹس کے کھیلنا یا ابتدائی میچز سے باہر بیٹھنا پڑتا۔


پی سی بی نے اس مشکل کا حل انھیں پہلے ابوظبی بلا کر نکالنے کا سوچا ہے، اگر ایسا ہوگیا تو پریکٹس کا موقع بھی مل جائے گا،جنوبی افریقی اور بھارتی ٹی وی کریو کو بھی پہلے بلایا جائے گا، بورڈ نے ایونٹ 5 جون سے شروع کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن ذرائع کے مطابق اب ایک روز قبل 4 تاریخ کو ہی آغاز پر غور ہونے لگا۔

یکم جون کی دوپہر7روزہ قرنطینہ کااختتام ہوگا،ٹیسٹ کے منفی نتائج کی صورت میں ٹیمیں رات کو ہی ٹریننگ کر سکیں گی،2 سے 4 جون تک بھی کھلاڑیوں کو تیاریوں کا موقع ملے گا،مجموعی طور پر5 ڈبل ہیڈرزشیڈول ہیں،گروپ مرحلے کے4 اور اگلے راؤنڈ کے ایک دن2میچز ہوں گے،فائنل 20 جون کو کھیلا جائے گا۔

 
Load Next Story