الیکشن کیلیے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تجاویزپر غور کرینگے پیٹر ہیورڈ

ٹی آئی پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر، ایڈوائزر عادل گیلانی اورسعد راشد سے متعدد امور پرگفتگو

کراچی:آسٹریلوی ہائی کمشنر پیٹرہیورڈ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے عہدیداروں سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI:
آسٹریلوی ہائی کمشنر ایچ ای پیٹر ہیورڈ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں شفاف انتخابات کیلیے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) پاکستان کی دی گئی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔


یہ بات انھوں نے ہفتے کو ٹی آئی پاکستان کے دفتر کے دورے کے موقع پر کہی،سیکنڈ سیکریٹری پولیٹیکل شارلوٹ کینیڈی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انھوں نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر، ایڈوائزر سید عادل گیلانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعد راشد سے ملاقات کی۔ہائی کمشنر نے ادارے کے کام کو سراہا اور اسے درکار مدد سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ سعد راشد نے متعدد جاری پراجیکٹس کے حوالے سے پریزینٹیشن دی جبکہ عادل گیلانی نے ہائی کمشنر کو ان تجاویز سے متعلق بتایا جو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے دی ہیں جبکہ ادارے کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور میں شامل کرنے کے لیے دی گئی تجاویز سے بھی آگاہ کیا گیا۔

چیئرمین سہیل مظفر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عدلیہ کی کارکردگی کو سراہا، اس موقع پر ہائی کمشنر سے درخواست کی گئی کہ وہ اور دیگر ڈونرز آئندہ عام انتخابات میں 65ہزار پولنگ بوتھ کی مانیٹرنگ کے لیے ویب کیمرے کے نظام کی تنصیب کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو فنڈ مہیا کرنے کا جائزہ لیں جس پر تقریباً 5کروڑ ڈالر لاگت آئے گی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر غورآئے۔ہائی کمشنر نے یقین دہائی کرائی کہ پاکستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے دی گئی مفید تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story