کراچی میں کار پر فائرنگ جے یو آئی س سندھ کے جنرل سیکریٹری سمیت 3 افراد جاں بحق ایک زخمی

عثمان یار کے ساتھ جاں بحق اور زخمی ہونے والے بھی جماعت کے ارکان ہیں، ترجمان جے یو آئی (س)

صدر میں پارٹی اجلاس کے بعد مدرسے جاتے ہوئے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد نے کار پر فائرنگ کردی، زخمی فہد اقبال فوٹو: فائل

شارع فیصل پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (س) سندھ کے جنرل سیکریٹری مفتی عثمان یار سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچ کالونی فلائی اوور اور عوامی مرکز کے درمیان نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم راستے میں ہی 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔


جمعیت علمائے اسلام (س) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عثمان یار کے ساتھ جاں بحق اور زخمی ہونے والے بھی جماعت کے ارکان ہیں جبکہ زخمی ہونے والے فہد اقبال کا کہنا ہے کہ صدر میں پارٹی اجلاس کے بعد مدرسے جاتے ہوئے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد نے کار پر فائرنگ کی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیر اعلیٰ کا پولیس حکام کو کہنا تھا کہ شہر میں پیٹرولنگ اور انٹیلی جنس نظام کو مربوط بنایا جائے۔
Load Next Story