6 ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد کمی

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 41کروڑ 61لاکھ ڈالر رہی ،اسٹیٹ بینک

نجی سرمایہ کاری 37.8فیصد کمی سے 43کروڑ 30لاکھ ڈالر رہی جوگزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران69کروڑ 59لاکھ ڈالر تھی، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 26.8 فیصد کمی سے 41کروڑ 61لاکھ ڈالر رہی۔

گزشتہ مالی سال کے دوران اس عرصے میں 56کروڑ 88لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2013کے دوران 8کروڑ 54لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ دسمبر 2012کے دوران 25کروڑ 30لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق دوسری ششماہی کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 27.5فیصد کمی سے 50کروڑ 18لاکھ ڈالر رہی گزشتہ سال اسی عرصے میں 69کروڑ 18لاکھ ڈالر کی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 37.8فیصد کمی سے 43کروڑ 30لاکھ ڈالر رہی جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری 86.7 فیصد کمی سے ایک کروڑ 69لاکھ ڈالر رہی تھی۔




گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی نجی سرمایہ کاری 69کروڑ 59لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری 12کروڑ 71لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق 41کروڑ 61لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں سے 212ملین ڈالر تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں انویسٹ کیے گئے۔ فنانشل سیکٹر میں 79.1ملین ڈالر،کیمیکلز کے شعبے میں 65.1ملین ڈالر، ٹوبیکو سیکٹر میں 45.3ملین ڈالرفوڈ سیکٹر میں 43.7ملین ڈالر، بیورجز کے شعبے میں 24ملین ڈالر سیمنٹ میں 10.5ملین ڈالر، پرسنل سروسز کے شعبے میں 21ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری منفی 4.5ملین ڈالر، کمیونی کیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری منفی 110ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کی گئی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکوں میں سوئٹزرلینڈ 122.8ملین ڈالر کے ساتھ سرفہرست رہا امریکا نے 103.3ملین ڈالر، ہانگ کانگ نے 86.7ملین ڈالر، اٹلی نے 50.5ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
Load Next Story