عوام دشمن پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے بلاول بھٹو

آئی ایم ایف کے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خود داری پر ایک حملہ ہوگا، چئیرمین پیپلزپارٹی

آئی ایم ایف کے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خود داری پر ایک حملہ ہوگا، چئیرمین پیپلزپارٹی۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے عوام دشمن پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام دشمن پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین کی جانب سے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خود داری پر ایک حملہ ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی ملکی معاشی بقا کی خاطر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے جدوجہد کرے گی۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر بجٹ سے پہلے عمران خان اعلان کرتے ہیں کہ یہ سال ترقی کا ہوگا اور پھر معاشی تباہی کا سلسلہ جاری رہتا ہے، عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بناسکتی، عوام پی ٹی آئی کے کرتوتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، بھاری بھرکم ٹیکسوں کے ذریعے عام آدمی کی جیبوں سے پیسہ نکال کر خزانہ بھرنے کا دعویٰ کارنامہ نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سخت شرائط پر لیے گئے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعویٰ معاشی ترقی نہیں کہلاتا، ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے عمران خان کے دعوؤں کا آخر کیا کرے گا، دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کا مقروض کرکے معاشی ترقی کے گن گانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے، عمران خان کا ہدف عام آدمی سے بھاری بھرکم ٹیکس وصول کرکے خزانہ بھرنا اور اپنے امیر دوستوں کو اس خزانے سے ایمنسٹی اسکیمیں دینا ہے، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ چند سرمایہ داروں کے مفادات کے گرد گھومتی ہیں جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی معاشی پالیسیاں عوام کے مفادات کی ترجمانی کرتی ہیں۔
Load Next Story