کراچی میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے 9 افراد زخمی

پولیس نے فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا

پولیس نے فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا

LONDON:
ڈیفنس خیابان شجاعت میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے پروڈکشن ہاؤس کے 9 ملازمین زخمی ہوگئے۔

کلفٹن تھانے کےعلاقے ڈیفنس فیز6 خیابان شجاعت میں واقع بنگلہ نمبر 2/34 میں ڈرامے کی شوٹنگ میں کھانے کے وقفے کے دوران سیکیورٹی گارڈ نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے واقعے کے فوری بعد بھگڈرمچ گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں پرائیویٹ گاڑیوں کی مدد سے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔


فائرنگ کی اطلاع ملنے پر ضلع ساؤتھ پولیس کے افسران اورسندھ رینجرزکے افسران موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے فوری جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کر کے تفتیش شروع کردی اور فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جس بنگلے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہ بنگلہ نجی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے کرایہ پرحاصل کیا گیا تھا اور فائرنگ کے واقع سے قبل پروڈکشن ہاؤس کا عملہ شوٹنک میں مصروف تھا تاہم کھانے کے وقفے کے دوران سیکیورٹی گارڈ نے انہیں کار پورچ میں کھانا کھانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مالک کی گاڑی آنے والی ہے اورمالک نے کار پورچ میں کھانا کھانے سے منع کیا ہے لہذا آپ کہیں اورجا کرکھانا کھائیں۔

پولیس نے بتایا کہ پروڈکشن ہاؤس ممبران کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ کی بات نہ سننے پر وہ طیش میں آگیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، سیکیورٹی گارڈ نے فرش پرایک فائر کیا جس کے نتیجے میں نجی پروڈیکشن ہاؤس کا عملہ زخمی ہوگیا اورکارپورچ میں بھگڈرمچ گئی۔ اس کے بعد عملہ ادھر ادھر بھاگنے لگا اور اس بھگدڑ سے مزید افراد زخمی ہوئے۔
Load Next Story