’’نکاح کرنا سنت ہے‘‘ متھیرا کا ملالہ کے شادی کے بیان پر ردعمل

ہاں میں طلاق یافتہ ہوں لیکن میں اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہوں ، متھیرا

میں ہمیشہ اپنے بچوں کو نکاح کرنے پر زور دوں گی ، متھیرا فوٹوفائل

اداکارہ، وی جے اور میزبان متھیرا نے ملالہ یوسفزئی کے شادی کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر ردعمل دیا ہے۔

گزشتہ روز ملالہ یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر برطانوی فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی تصویر شیئر کرائی تھی۔ ووگ میگزین نے آئندہ ماہ کے شمارے کے سرورق کے لیے ملالہ یوسفزئی کو منتخب کیا ہے۔

فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو بھی پبلش ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنے بارے میں کئی باتیں کرتے ہوئے شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔ ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا ''مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات) پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیوں یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ یوسفزئی فیشن میگزین ووگ کی کور اسٹار

ملالہ کا مزید کہنا تھا میں یونیورسٹی میں سوچتی تھی کہ میں کبھی شادی نہیں کروں گی، اور نہ ہی بچے پیدا کروں گی صرف اپنا کام کروں گی۔ میں ہمیشہ اپنی فیملی کے ساتھ رہوں گی اور خوش رہوں گی۔ مجھے احساس نہیں تھا کہ آپ ہر وقت ایک شخص نہیں ہوتے جب آپ بڑھتے ہیں آپ میں بدلاؤ آتے ہیں۔''




ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق اس بیان پر اداکارہ متھیرا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ''مجھے ووگ میگزین کے سرورق پر ملالہ کی تصویر پسند آئی۔ پھر انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا براہ کرم ہمیں اپنی نئی نسل کو شادی کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کرنی چاہئے اور یہ بھی بتانا ہے کہ نکاح کرنا سنت ہے یہ صرف کاغذات پر دستخط کرنا نہیں ہے آپ کوئی پلاٹ نہیں خرید رہے۔ بلکہ اس طرح آپ درست طریقے سے اپنی نئی اور خوشگوار زندگی کا آغاز کرتے ہیں۔

متھیرا نے مزید لکھا زبردستی کی شادی، شادی میں تشدد اور کم عمری کی شادی غلط ہے لیکن خدا کی رحمت کے سائے میں نکاح کرنا خوش آئند ہے۔ لہذا اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی کو اپنی زندگی میں شراکت دار بنانا اچھا ہے تو آپ اسے حلال طریقے سے کریں۔''



متھیرا نے ایک اور انسٹا اسٹوری میں نکاح کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں کتنی ماڈرن ہوں میں ہمیشہ اپنے بچوں کو نکاح کرنے پر زور دوں گی اور یہ سیکھاؤں گی کہ شادی کے ذریعے خود کو کسی کے ساتھ باندھنا بالکل صحیح ہے اور اس رشتے میں ایک دوسرے کی مدد کرنا آپ کی زندگی کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔ شادی کرنا اچھی بات ہے۔ بعض اوقات شادی میں مشکلات آتی ہیں لیکن کوئی بات نہیں اللہ آپ کے لیے کسی خاص کو بھیجتا ہے۔

متھیرا نے مزید کہا ہاں میں طلاق یافتہ ہوں لیکن میں اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہوں اور شاید جب مجھے صحیح شخص ملے تو میں دوبارہ شادی کرلوں۔ لہذا مہربانی کرکے مجھے بتانا بند کریں کہ میں طلاق یافتہ ہوں۔ کیا ہوا اگر میری شادی نہیں چلی۔ اکیلے رہ کر خوش رہنا بہتر ہے بجائے اس کے کہ آپ ایک ناخوشگوار شادی میں پریشان اور دکھی رہیں۔

واضح رہے کہ ملالہ کو جولائی 2021 کے ایڈیشن کے لیے ووگ میگزین کے سرورق کے لیے منتخب کیا گیاہے۔

Load Next Story