پاکستان اور بھارت کا تجارتی مقاصد کیلئے واہگہ بارڈرپر بلا تعطل آپریشنل جاری رکھنے پراتفاق

طے پانے والے معاملات پر رواں ماہ سے ہی عملدرآمد شروع کردیا جائے گا، پاک بھارت وزرائے تجارت میں اتفاق

بھارتی وزیر آنند شرما خرم دستگیر کی دعوت پر فروری میں پاکستان آئیں گے، اعلامیہ فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاکستان اور بھارت نے تجارتی مقاصد کے لئے واہگہ بارڈر کو بلاتعطل آپریشنل رکھنے پر اتفاق کیا ہے جس پر رواں ماہ کے آخر سے عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

نئی دہلی میں وزیر تجارت خرم دستیگر اور بھارتی ہم منصب آنند شرما کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے تجارت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معیشت اور تجارتی تعلقات پر بات چیت ہوئی، اس موقع پر انہوں نے باہمی تجارتی تعلقات میں بہتری کے لئے مل کرکام کرنے کی ضرورت پر زور دیا جب کہ دونوں ممالک کے وزرا نے پاک بھارت تجارت کے حجم کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔


اعلامیے کے مطابق دونوں وزرا نے پاکستان اوربھارت کے درمیان بینکاری، ریلویز اور کسٹم کے شعبوں میں تکنیکی ورکنگ گروپ کے لئے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے اور لاہور سے امرتسر تک ایک کار ریلی کے انعقاد پر رضا مندی کا اظہار کیا، وزرا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ملاقات کے دوران طے پانے والے معاملات پر رواں ماہ سے ہی عملدرآمد شروع کردیا جائے۔

اعلامئے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران خرم دستگیر خان کی جانب سے اپنے بھارتی ہم منصب آنند شرما کو پاکستان دورے کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کرلیا، جس کے تحت بھارتی وزیر تجارت آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔
Load Next Story