پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلر ہلاک2ساتھی گرفتار اہلکاروں کے لیے2لاکھ انعام کا اعلان

ہلاک ہونےوالا ملزم قومی اسمبلی کے امیدوار انکے بیٹے اور پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا

ہلاک و گرفتار ملزمان کے قبضے سے3 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں،پولیس۔ فوٹو:فائل

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ٹارگٹ کلر کو ہلاک جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھیوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ہلاک ہونے والا ملزم قومی اسمبلی کے امیدوار، ان کے بیٹے اور پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا، آئی جی سندھ نے پولیس پارٹی کو 2 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے، تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کا 3 رکنی گروہ کورنگی مہران ٹاؤن میں موجود ہے اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر جیسے ہی چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے بعد عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھیوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا طارق رحیم نے بتایا کہ ہلاک ہو نے والے ملزم کی شناخت 35 سالہ عجب گل ولد جمعہ گل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان میں اقبال اور ایوب شامل ہیں۔




پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک و گرفتار ملزمان کے قبضے سے3 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں، ڈی ایس پی کورنگی رحیم شاہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم نے گزشتہ سال کورنگی میں سیاسی جماعت کے امیدوار برائے قومی اسمبلی صادق خٹک اور انکے بیٹے کو اس وقت قتل کیا تھا جب وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے، انھوں نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ عام انتخابات 2013 سے چند روز قبل پیش آیا تھا جس کے بعد اس حلقے میں قومی اسمبلی کے انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے، ہلاک ہونیوالے ملزم کیخلاف ایک تھانے میں قتل کے4 اور دیگر سنگین وارداتوں کے متعدد مقدمات درج ہیں، آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس پارٹی کیلیے2 لاکھ روپے اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story