کراچی میں بدبخت بیٹے نے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

مقتول موٹرسائیکل پرچارپائی بننے کے لیے استعمال کی جانے والی پلاسٹک کی بان اورالیکٹرانک آئٹم فروخت کرتا تھا

ملزم نادرنشے کا عادی تھا اوروالد سے نشے کے لیے پیسے مانگے تھے.(فوٹو:فائل)

بد بخت بیٹے نے نشے کے پیسےنہ دینے پر سوتے ہوئے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،مفرورملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح الفلاح تھانےکے علاقے ملت ٹاؤن مکان نمبرایس/2/41سروے نمبر394 میں نشے کے عادی بیٹے نادرخان نے اپنے سگے باپ 55 سالہ ناصرخان کو سوتے ہوئے فائرنگ کرکے قتل کردیا اورموقع سے فرارہوگیا۔

ایس ایچ او الفلاح نے بتایا کہ ملزم نادرنشے کا عادی تھا اوروالد سے نشے کے لیے پیسے مانگے تھے جس پروالد نے پیسے دینے سے منع کردیا تھا، دوروزقبل والد اور بیٹے کے درمیان اسی بات پرجھگڑا بھی ہوا تھا۔


آج صبح بیٹے نےاپنے لائسنس یافتہ پستول سے سوتے ہوئے والد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، گھروالوں نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 2 خول بھی قبضے میں لے لیے ہیں،

مقتول کے گھروالوں نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نادر پہلے چرس اورگزشتہ 6 ماہ سے آئس کانشہ کررہا تھا، جب کہ مقتول موٹرسائیکل پرچارپائی بننے کے لیے استعمال کی جانے والی پلاسٹک کی بان اورالیکٹرانک ایٹم فروخت کرتا تھا، مقتول کے تین بچے ہیں جن میں سے ملزم نادر دوسرےنمبر پر ہے۔

پولیس نے مقتول ناصر خان کے دوسرے بیٹے بہادر خان کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ الزام نمبر 251/2021 بجرم دفعہ302 کے تحت ملزم نادر خان کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے تاہم مفرور ملزم کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی ہے۔
Load Next Story