انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ہاکی ٹیم کی شرکت یقینی بنانا اولین ترجیح ہے واسع

پی او اے تنازع حل ہونے پر عملی اقدامات شروع کردیں گے ، نائب صدر پی ایچ ایف

فیڈریشن کو درپیش مالی مشکلات حل ہوجائیں تو عملی اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پی ایچ ایف کے نائب صدر واسع جلیل نے کہا ہے کہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلیے مربوط منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

فیڈریشن کو درپیش مالی مشکلات حل ہوجائیں تو عملی اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا، پی او اے تنازع سے انٹرنیشنل ایونٹس میں عدم شرکت کی وجہ سے قومی کھیل کا نقصان ہوگا، انھوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو کراچی پریس کلب میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،واسع جلیل نے کہا کہ اذلان شاہ انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ اور ایشین گیمزمیں شرکت کوممکن بنانے کیلیے ہرسطح پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، امید ہے کہ جلد ہی حکومت کی جانب سے قومی ہاکی کے لیے خصوصی فنڈ جاری ہوجائے گا، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ آئی او سی کی تسلیم کردہ اورپی ایس بی کے تحت کام کرنے والی پی او اے کے درمیان رسہ کشی سے کھیلوں کوناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، ہاکی بھی اس صورتحال میں مشکلات کا شکار لیکن امید ہے کہ اس حوالے سے کوئی مصالحتی راستہ نکل آئے گا۔




انھوں نے مزید کہاکہ فیڈریشن کی اولین ترجیح قومی ٹیم کی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کوممکن بنانا ہے، ڈومیسٹک ہاکی کے فروغ کے لیے پلان مرتب کرلیا گیا جبکہ روٹھے ہوئے سابق کھلاڑیوں کو منانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے، قومی ہاکی کی بہتری کے لیے اپنے دور کے عظیم کھلاڑیوں کی خدمات سے بھرپور استفادہ کریں گے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر واسع جلیل نے مزیدکہاکہ شہر قائد میں ہاکی کے فروغ کے لیے لائحہ عمل مرتب کیاگیا ہے جس کے تحت میدانوں کی حالت بہتر بنانے ، آسٹروٹرف کی تنصیب، کھلاڑیوں کے لیے روزگارکا حصول اور مختلف سطح پر ٹورنامنٹس کا انعقاد شامل ہے، اس کاآغاز25 جنوری سے افتخار سید ہاکی اکیڈمی گرائونڈ پرارتضیٰ حسین زیدی میموریل انٹرکلب ہاکی ٹورنامنٹ سے ہوگا۔
Load Next Story