کھانے کو روٹی پہننے کو کپڑا نہیں اور عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں بلاول

عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے گھر گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہورہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری

معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی، چیئرمین پیپلز پارٹی فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے پاس کھانے کو روٹی نہیں، پہننے کو کپڑا نہیں، سر پر چھت نہیں اور عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں۔

اپنے بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے گھر گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہورہی ہیں، پرویز مشرف کے دور میں 50 فیصد عوام غربت کا شکار تھے اور آج عمران خان نے پھر حالات کو اسی نہج پر پہنادیا جہاں سے پیپلز پارٹی نے ملک کو نکالا تھا۔


چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کھانے کو روٹی نہیں، پہننے کو کپڑا نہیں، سر پر چھت نہیں اور عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ، ملک میں گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر ہیں، یہ عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج نہیں تو اور کیا ہیں؟۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عام آدمی کے ریلیف کا معاملہ سبوتاژ کرنے کے لئے پی ٹی آئی حکومت نے جی ڈی پی کے غلط اعدادوشمار کا شوشہ چھوڑا ہے، اگر جی ڈی پی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں مگر عمران خان کی فوٹو شاپ جی ڈی پی اضافے نے برسرِ روزگار کو بیروزگار کردیا، عمران خان کے دورِ حکومت میں ملک میں ہر پانچواں فرد یا تو نوکری سے محروم ہوا ہے یا اس کی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے، عمران خان نے کپاس کی قیمتیں گیارہ سالہ ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچا کر ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے بھی ایک نیا بحران پیدا کردیا ہے، اگر پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔
Load Next Story