پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری

پاک چین دوستی پر جاری ہونے والا یہ چوتھا سکہ ہے

پاک چین دوستی پر چوتھا سکہ جاری کیا گیا ہے (فوٹو : انٹرنیٹ)

پاکستان اور چین کے سفارتی روابط کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت نے 70 روپے کا ایک یادگاری سکہ جاری کردیا۔

اس سکے کا اجرا بینک دولت پاکستان نے اسلام آباد آفس میں منعقدہ تقریب میں کیا جس کے مہمان خصوصی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تھے۔ تقریب میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی جب کہ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ نے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط سفارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔




چینی سفیر نونگ رانگ نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام دونوں اپنے پاکستانی بھائیوں سے محبت کرتے ہیں اور ملک کو زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کرتا دیکھنے کے خواہش مند ہیں، چین اور پاکستان تمام اہم بین الاقوامی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

پاک چین دوستی پر جاری ہونے والا یہ چوتھا سکہ ہے۔ 10 روپے مالیت کا پہلا سکہ عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر اکتوبر2009ء میں جاری کیا گیا تھا۔

20 روپے مالیت کا دوسرا سکہ مئی 2011ء میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی60 ویں سالگرہ منانے کے سلسلے میں جاری کیا گیا اور اسے پاک چین دوستی کا سال قرار دیا گیا تھا۔ اسی طرح تیسرا سکہ 2015ء میں "پاکستان چین دوستانہ تبادلے کا سال2015ء" منانے کے لیے جاری کیا گیا تھا۔
Load Next Story