عمران خان کی حکمت عملی نے شہباز شریف کو کلین بولڈ کردیا فواد چوہدری

وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے اپوزیشن کی گاڑی کے لئے سیاسی ڈیزل کا بحران پیدا کر دیا، وفاقی وزیر اطلاعات

خان نے پاکستان کی معیشت کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے ، فواد چوہدری فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاسی و معاشی حکمت عملی نے شہباز شریف کو کلین بولڈ کردیا ہے.

اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس بجٹ کے خلاف بولنے کے لئے کچھ نہیں کیونکہ عمران خان کی سیاسی و معاشی حکمت عملی نے انہیں کلین بولڈ کردیا ہے۔ اپوزیشن رہنما حکومت کی معاشی پالیسی پر کس منہ سے تنقید کریں گے جب کہ انہیں معلوم ہے کہ (ن) لیگ کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کمپنی نے ریکارڈ منافع کمایا۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے جبکہ پی ڈی ایم کی کھٹارا بس زوال کی اس کچی سڑک پر اتر گئی ہے جس کےآگے ڈیڈ اینڈ لکھا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے اپوزیشن کی گاڑی کے لئے سیاسی ڈیزل کا بحران پیدا کر دیا ہے۔
دریں اثنا اپنے ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 140 کی ضرورت تمام صوبوں میں ہے، وفاقی کابینہ نے تمام صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ مقامی حکومتوں کا نظام بنائیں، وفاقی کابینہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کو بھی آرٹیکل 140 کے اطلاق کا کہہ چکی ہے، دونوں صوبوں نے براہ راست میئر چننے کے لئے قانون سازی کی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جانے والے پیسے کی صوبے کی آبادیوں کو تقسیم نہیں ہوپا رہی، کراچی اور گھوٹکی کیلئے اسپیشل فنڈ جاتے ہیں جو انہیں نہیں مل رہے، لاڑکانہ کو 90 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا لیکن اس کی حالت ابتر ہے۔ ٹھیکوں کے حوالے سے فیصلے بلاول ہاؤس سے ہوتے ہیں، سندھ میں مراد علی شاہ بے بس ہیں۔
Load Next Story