عراق بغداد میں 6 کار بم دھماکے 25 افراد جاں بحق

رواں ماہ کے دوران پرتشدد واقعات میں 600 افراد مارے گئے،صورتحال انتہائی کشیدہ

بغداد: سیکیورٹی اہلکار گزشتہ روز کے بم دھماکے کے مقام پر تباہ ہونے والی گاڑی کا معائنہ کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:
عراقی دارالحکومت بغداد میں 6 کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق پہلا کاربم دھماکادارالحکومت بغداد میں نیو منصور شاپنگ مال کے قریب ہوا جس میں 6 افراد ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دوسرا کار بم دھماکا توبچی میں نوجوانوں کی جیل کے قریب ہوا جس میں 7 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد 23 قیدی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے قیدیوں کے فرار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر کار بم دھماکوں میں مزید12 افراد ہلاک ہوگئے۔ عراق میں رواں ماہ کے دوران مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات میں600 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔




دوسری طرف عراقی فوج نے اتوار کے روز رمادی میں القاعدہ سے وابستہ جنگجوئوں کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس شہر پر گزشتہ کئی ہفتوں سے حکومت مخالف باغیوں کا کنٹرول ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوجی دستوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد دستیاب ہے جبکہ شہر میں ہر طرح کی نقل و حرکت پر پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ فوجی ترجمان محمد العسکری نے اس آپریشن کی تصدیق سرکاری ٹی وی چینل پر کی۔ عراقی فوج یہ آپریشن ایک ایسے موقع پر کر رہی ہے جب ملک میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر تشدد اپنے عروج پر ہے۔
Load Next Story