دیس بدیس کے کھانے

بنائیے مٹھاس بھری ڈشز ہماری ترکیب کے ساتھ۔

بنائیے مٹھاس بھری ڈشز ہماری ترکیب کے ساتھ۔فوٹو : فائل

LONDON:
زعفرانی رس گلے

اجزا:
دودھ (آٹھ پیالی)
چینی (ایک پیالی)
سوجی (ایک پیالی)
پانی (پانچ پیالیاں)
لیموں کا رس(تین کھانے کے چمچے)
عرق گلاب (تین چائے کے چمچے)
زعفران (چٹکی بھر)

ترکیب:
ایک پین میں دودھ ابال کر اس میں لیموں کے رس شامل کر دیں۔ جب دودھ پھٹنے لگے، تو دودھ کو صاف ململ کے کپڑے میں ڈال کر پانچ چھے گھنٹے کے لیے اس کا پانی ٹپکانے کے لیے کسی صاف جگہ لٹکا دیں، جب سارا پانی نکل جائے، تو اس میں سوجی اور زعفران شامل کر کے اچھی طرح گوندھ لیں اور ایک ہی سائز کے پیڑے بنالیں پھر پانی ابال کر چینی اور عرق گلاب شامل کریں اور اس کا شیرہ بنالیں، اب احتیاط سے تیار شیرے میں یہ پیڑے رکھ کر پکائیں۔ یہ پیڑے پیندے سے اوپر آجائیں، تو چولھے سے اتارلیں اور ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

مال پوڑا
اجزا:
آٹا (دو پیالی)
سوجی (100گرام)
کھویا (50 گرام)
گھی (دو پیالی)
پانی (تین پیالیاں)
دودھ (دو پیالیاں)
پسی ہوئی چینی (ڈیڑھ پیالی)
سبزالائچی کا سفوف (آدھا چائے کا چمچا)
سونف پائوڈر (ایک چائے کا چمچا)
زعفران (چند ریشے)
خشک میوہ جات (کٹے ہوئے) گارنشنگ کے لیے
بیکنگ پائوڈر (چوتھائی چائے کا چمچا)

ترکیب:
سب سے پہلے پانی میں چینی، سبز الائچی کا سفوف اور زعفران شامل کر کے شیرہ پکالیں۔ اب آٹے کو برتن میں ڈالیں اور اس میں سوجی، کھویا، دودھ، سونف پائوڈر، بیکنگ پائوڈر شامل کر کے اچھی طرح آمیزہ کرلیں اس طرح یہ گاڑھا ہو جائے گا۔ اب توے کو گرم کرلیں اور گھی ڈال دیں اور بڑے چمچے کی مدد سے اس پر یہ ڈالیں پھر چھے انچ کی چھوٹی روٹی کی طرح پھیلا دیں۔

جب ایک طرف سے سنہری برائون ہو جائے، تو دوسری طرف پلٹ کر پکائیں۔ جب روٹی دونوں جانب سے برائون ہو جائے، تو اسے پہلے سے تیار کردہ شیرے میں ڈال دیں اور اتنی دیر تک شیرے میں ڈبوئے رکھیں کہ اس میں شیرہ جذب ہو جائے۔ پھر کسی چھنّی میں نکال کر رکھ دیں، تاکہ اضافی شیرہ نکل جائے۔ سارے مال پوڑے اسی ترکیب سے تیار کرلیں۔ خشک میوہ جات سے گارنشنگ کرکے گرم گرم سرو کریں۔ مزے دار میٹھے مال پوڑے سب کو پسند آئیں گے۔

بیسن کا حلوہ

اجزا:
بیسن (250 گرام)
دودھ (250 گرام)
گھی (حسب منشا)
چینی (125گرام)
پانی (125گرام)
الائچی (چھے عدد)

ترکیب:
ایک کپ گھی گرم کر کے اس میں الائچی کے ساتھ بیسن ڈال کر ہلکی آنچ پر 10 منٹ بھون لیں، پھر اس میں تھوڑا تھوڑا دودھ شامل کرکے فرائی کریں جب سارا دودھ ڈال دیں، تو اس میں چینی اور پانی سے تیار کیا ہوا شیرہ ملا لیں اور گھی سی چکنی کی ہوئی بڑی طشتری میں ڈال کر پھیلا دیں اور بادام کھوپرا پستہ وغیرہ ڈال کر پیش کریں۔


مکس فروٹ مشروب

اجزا:
انناس کا رس (دو پیالی)
آم کے قتلے (دو پیالی)
آڑو (ایک اعدد) چھیل کر چوکور کاٹ لیں
لیموں کا رس (دو کھانے کے چمچے)
چینی (تین کھانے کے چمچے)
پودینے کی پتیاں (آٹھ عدد)
برف کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے (ایک پیالی)

ترکیب:
ایک بلینڈر میں آم اور آڑو کے قتلے، چینی، لیموں اور انناس کا رس اور کُٹی ہوئی برف شامل کر کے بلینڈ کر لیں۔ اب انھیں گلاسوں میں نکال لیں۔ آخر میں پودینے کے پتوں سے گارنش کر کے سرو کریں۔ گرم موسم میں یہ ٹھنڈا اور فرحت بخش مشروب بہترین رہتا ہے۔

تربوز کا جوس
اجزا:
تربوز (ایک کلو)
دودھ (آدھا کلو) ابال کر ٹھنڈا کرلیں
لال شربت (ایک پیالی)
کریم (آدھی پیالی)
برف (حسب ضرورت)
بادام، پستے (چار کھانے کے چمچے) باریک کٹے ہوئے
پودینہ (گارنش کے لیے)

ترکیب:
تربوز کو کاٹ لیں، پھر بلینڈر میں تربوز، دودھ، لال شربت، کریم اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ اب انھیں گلاس میں نکال لیں اور بادام پستے ڈال کر پودینے سے گارنش کر کے ٹھنڈا ٹھنڈا نوش کریں۔ تیز دھوپ اور حبس کے موسموں میں یہ مشروب بہت مفید ہے۔

مزیدار فالودہ
اجزا:
کورن فلور (ایک پیالی)
پانی (ایک گلاس)
ٹوپنگ کے لیے:
دودھ (آدھا پائو)
قلاقند (آدھا پائو)
لال اور ہری جیلی (ایک ایک پیکٹ)
انناس (تین سلائس) کٹے ہوئے
تخم ملنگا (دو کھانے کے چمچے)
وینیلا آئس کریم (آدھا لیٹر)
بادام، پستے (25 گرام) کٹے ہوئے
لال شربت (حسب ضرورت)
کٹی ہوئی برف (حسب منشا)

ترکیب:
سب سے پہلے ایک کپ پانی میں لال جیلی اور ہری جیلی، کو الگ الگ پکا کر تیار کرلیں، پھر ایک پین میں دودھ گرم کرلیں۔ اب اس میں قلاقند شامل کر کے اچھی طرح ملا لیں اور چولھا بند کر دیں۔ پائن ایپل چوپ کر کے ایک طرف رکھ دیں اب کورن فلور کو ایک گلاس پانی کے ساتھ حل کر لیں، پھریہ آمیزہ نان اسٹک پین میں ہلکی آنچ پر پکائیں۔

ایک پیالی میں تھوڑا سا پانی ساتھ رکھ لیں۔ جیسے جیسے یہ پکتا جائے، چمچا چلاتی رہیں جب یہ آمیزہ گاڑھا ہونے لگے، تو تھوڑا تھوڑا پانی چھڑک کر مسلسل چمچا چلاتی رہیں جب یہ بالکل سخت یا ٹھوس بن جائے، تو فالودہ بنانے کے مولڈ گرم گرم ڈال دیں ایک بڑے پیالے میں ٹھنڈا پانی تیار رکھیں۔ اب سخت کیے ہوئے فالودے کو اوپر سے دبائیں تو فالود تو فالودے کی سویوں کے چھلے ٹھنڈے پانی میں گرنا شروع ہو جائیں گے۔ اب جیلی کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

اب فالودے کے گلاس میں تیار کی ہوئی سویاں ڈال دیں پھر تھوڑی سی جیلی، تھوڑی سی کٹی ہوئی برف، تھوڑا سا قلاقند ، تھوڑا سا بھیگا ہوا تخم ملنگا، انناس، ایک برا چمچا آئس کریم اور اس کے اوپر لال شربت ڈال کر آخر میں کٹے ہوئے بادام اور پستے چھڑک دیجیے، مزے دار فالودہ تیار ہے۔
Load Next Story