علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

21 تا 27جون 2021

21 تا 27جون 2021

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
آپ کا ذہن تیزی سے باتوں کو سمجھ سکتا ہے لیکن کچھ زیادہ ہی تیزی جو آگ لگادے سے گریز بہتر ہے۔ ایسا ہی آپ کے ساتھ ہوسکتا ہے کیوںکہ جب آپ کے ساتھ اختلاف رائے ہوگا جو کہ آپ کی نظر میں ناقابل معافی گناہ ہے تو اس کا نتیجہ آپ کے اندر ایک ایسی آگ پیدا کرسکتا ہے جو آپ ہی کو جلائے گی، اس اندرونی کیفیت کے نتیجے میں 24 تاریخ کو کچھ لوگ سے تلخ کلامی کا اندیشہ ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
آپ کا سیارہ کچھ دنوں سے تیسرے گھر سے گزر رہا ہے جو بھی سیارہ اس مقام سے گزرتا ہے نئے خیالات اور ہلچل لاتا ہے کچھ کر گزرنے کی تحریک دیتا ہے۔ پہلے دو دنوں میں آپ تعلقات سے متعلق خاصے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ ممکن ہے کوئی پرانا رابطہ بحال ہوجائے یا وراثت سے کوئی فائدہ ہو، یہ رابطہ یا فائدہ ایک نہیں دو یا دو سے زیادہ ہوسکتا ہے اس میں جان ہفتہ اور اتوار کو پڑے گی۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
بڑے بھائی بہن اور بڑی عمر کے لوگ آپ کا اپنا بڑا سمجھیں گے اس کی وجہ آپ کے وجود سے نکلنے والی خاص لہریں ہیں جو آپ کے اندر ایک دوراندیش انسان کی نشان دہی کررہی ہیں۔ آپ لوگوں کی بہتر انداز میں راہ نمائی کرسکتے ہیں۔ اس ماہ آپ کے اندر اپنی شخصیت کے پھیلاؤ اور مادی حوالے سے بہتر پلاننگ کی صلاحیت نکھری ہے۔ آپ کی شخصیت پہلے سے رعب دار ہوچکی ہے۔ 22 اور پھر 26 جون یہ تاریخیں فائدہ دلاسکتی ہیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
مالی حوالے سے کچھ مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ایسے وقت میں کوشش کیجیے کہ جذبات سے کام لینے کی غلطی نہ کریں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کا برج اور سیارہ دونوں آبی ہیں اور اس پر قمر ابتدائی دو ایام میں عقرب سے گزرے گا۔ یہاں آپ جلدبازی اور جذبات کی شدت کا شکار ہوسکتے ہیں۔ جمعرات اور جمعہ کاموں میں الجھاؤ محسوس کریں تو صدقہ ضرور دیں۔ ہفتہ اور اتوار اس ہفتے کے بہترین دن ہوسکتے ہیں۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ کا سیارہ موج مستی اور عیش و عشرت کے سیارے کے ساتھ موجود ہے۔ یہ مقام نفع نقصان کا بھی ہے اور تنہائی کا بھی ہے۔ ایسے مقام کو مراقبہ اور اپنے آپ کو سمجھنے کا بھی کہا جاتا ہے، آپ اپنی منصوبہ بندی کی غلطیوں کو بہتر کرنے کا سوچیں گے۔ آپ کے حلقہ میں ایسے افراد کا اضافہ ہورہا ہے جو پہلے سے زیادہ دوراندیش اور سنجیدہ ہیں آپ کی زندگی کا ساتھی بھی آپ کے لیے بہتر مشیر ثابت ہوسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا بزنس سنجیدگی سے آگے بڑھے گا شراکت کا بھی امکان ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ آپ کے بزنس میں نئے لوگ آرہے ہیں اور پرانے لوگ آپ کی زندگی سے نکل رہے ہیں، آپ اپنے کیریر کو بہتر کرنے میں سنجیدہ فیصلے کررہے ہیں۔ یہ ایک انتہائی اہم ہفتہ ہوسکتا ہے کہ جب آپ نئے میدان میں قدم رکھ رہے ہوں گے یہ آپ کے مالی مسائل کے حل اور کچھ دوسرے لوگوں کے لیے بھی ایک احسن قدم ہوسکتا ہے۔


برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
سیارے ایسے رخ پر موجود ہیں کہ ان کے وجود سے نکلنے والے روشنی آپ کی کام یابیوں اور خواہشات کی تکمیل میں معاون ثابت ہورہی ہے۔ کچھ بڑی عمر کے لوگ آپ کو اپنا بزنس کرنے کا مشورہ دے سکتے ہیں اور یہ موجودہ حالات میں آپ کے لیے بہتر ہوسکتا ہے۔ مقدر کا سیارہ آپ کا مکمل ساتھ دے رہا ہے۔ 21 اور 22 جون کو مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ کم یا زیادہ ہونے سے آپ کی زبان کی تلخی سے اپنے معاملات بگاڑنے کی غلطی نہ کیجیے گا۔ 26 تاریخ فیصلوں کے لیے اچھا وقت ہوسکتی ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
ساتویں یعنی تعلقات کے خانے کا مالک زہرہ آپ کے بیرون ملک اور دوردراز کے خانے میں آپ کے کیریر کے ستارے شمس کے ساتھ موجود ہے۔ زہرہ کو عموماً عورت سے منسوب سمجھا جاتا ہے اور یہیں مریخ جو کہ آپ کے ماتحت کام کرنے والوں کا نمائندہ ہے، کیریر کے مقام پر ہے۔ مرد حضرات ازدواجی ساتھی یا کسی خاتون کے تعاون سے آپ اپنے امور کو بہتر کرنے کے مواقع پاسکتے ہیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
ممکن ہے مادی چیزوں کے حصول کے لیے یہ وقت زیادہ ساتھ نہ دے، کیوںکہ شمس آپ کے آٹھویں خانے سے گزر رہا ہے اور یہ آپ کو عام حالات کی طرح مواقع میں مدد نہ دے پائے گا، لیکن اگر آپ کچھ ہٹ کے کرنے ارادہ کرتے ہیں جیسا کہ لگتا ہے تو امکان ہے کہ ان ایام میں کی گئی کاوشیں ایک ماہ بعد اچھے نتائج لائیں۔ کوشش کیجیے کہ کسی قسم کے غیرقانونی امور میں نہ پڑیں۔ یہاں ہم دیکھ رہے ہیں کہ آپ کے عطارد دوستوں میں سے کوئی شخص آپ کو ایسی راہ سمجھا سکتا ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
نئے معاہدے اور نئے سلسلے شروع ہوسکتے ہیں۔ خوب مواقع مل سکتے ہیں۔ ان معاہدوں میں سب کچھ ''ٹھیک'' ہونے کی تسلی کرلیں اور دوراندیشی یعنی کل کیا کیا ہوسکتا ہے اسے ذہن میں ضرور رکھیں، اور کوشش کریں کہ کسی قسم کے الجھاؤ اور ابہام کی گنجائش نہ رہنے دیں۔ مادّی حوالے سے جہاں کئی اچھی باتیں سامنے آرہی ہیں، وہیں پر کچھ لوگوں سے تعلقات میں بگاڑ بھی ہوسکتا ہے، خصوصاً ازدواجی ساتھی کے ساتھ تلخی کا اندیشہ ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
نیا ساتھی آرہا ہے اور پرانا جانے کے لیے سامان باندھ رہا ہے۔ شراکت داری میں کام کرنے والے احباب کے لیے کچھ تلخی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ مقدر کا سیارہ بھی آپ کی امیدوں پر پورا اترتا ہوا نظر نہیں آرہا۔ یہ نہیں کہ کوئی بہت بڑی پریشانی ہے بالکل نہیں، بس کچھ قدم سوچ سمجھ کے اٹھانے کی ضرورت ہے۔ آپ کے ذہن میں کچھ غیرروایتی اقدامات آسکتے ہیں اور کچھ غلط بھی ہوسکتے ہیں غلط قدم سے دور رہیں۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
آپ کا سیارہ اچھے مقام پر ہے۔ آپ پہلے سے زیادہ اپنے اصل کے قریب ہیں اور جو آپ سوچنا چاہتے تھے اب سوچ سکتے ہیں۔ 22 تاریخ کو آپ مالی اور روحانی دونوں طرح کے فائدے پاسکیں گے۔ 23 اور 24 کیریر کے حوالے سے کچھ الجھاؤ ہوسکتا ہے اور ممکن ہے آپ جاب یا موجود بزنس ''آف'' کرنے کا سوچیں، ایسا فیصلہ لینے سے پہلے کسی ''اہل'' سے مشورہ ضرور کرلیں۔
Load Next Story