سندھ میں سی این جی اسٹیشن ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کااعلان

29 جون کی صبح 8 بجے تک سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے، ایس ایس جی سی اعلامیہ

سوئی سدرن گیس کمپنی گیس لوڈ مینجمنٹ پلان میں بری طرح ناکام ہوگئی فوٹو: فائل

سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ بھر میں 29 جون تک سی این جی اسٹیشنز بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گیس کی پیداوار میں خود کفیل صوبہ سندھ میں گیس بحران انتہائی شدت اختیار کرگیا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی صوبے میں گیس لوڈ مینجمنٹ پلان میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔


سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سندھ میں آج رات 12 بجے سے 29 جون کی صبح 8 بجے تک سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کا کہنا ہے کہ حکومت نے آر ایل این جی منتقلی پر گیس بند نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے منگل 22 جون سے گیس بندش کا نوٹی فکیشن موصول ہوا ہے۔ ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ گیس بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت کے حکم پر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز سمیت گھریلو صارفین کو بھی گیس کی قلت کا سامنا ہے، گیس کی چوری اور ضیاع کو روکنے میں ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔
Load Next Story