میرٹ نظر اندازشرجیل میمن کے قریبی عزیزجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر

انٹرویو میں وائس چانسلر کے لیے سب سے زیادہ نمبر ڈاکٹر لبنی بیگ نے لیے تھے۔

انٹرویو میں وائس چانسلر کے لیے سب سے زیادہ نمبر ڈاکٹر لبنی بیگ نے لیے تھے۔ (فائل فوٹو)

سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انٹرویو کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ڈاکٹر امجد سراج میمن کو میرٹ نظر انداز کرتے ہوئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کا وائس چانسلر مقرر کردیا۔

سیکریٹری محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز قاضی شاہد پرویز نے ڈاکٹر سراج میمن کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر امجد سراج میمن پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے قریبی عزیز ہیں اور انٹرویو میں کم مارکس لے کر دوسرے نمبر پر آنے کے باوجود ان کی تعیناتی کی وجہ بھی ان کا سیاسی اور حکمراں طبقے سے قربت بتایا جارہا ہے ۔


یہ بھی خیال رہے کہ کمیٹی نے انٹرویو کے بعد جن تین امیدواروں کے ناموں کا پینل وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوایا تھا ان میں پہلے نمبر پر ڈاکٹر لبنی بیگ نے سب سے زیادہ 70 مارکس لیے تھے جبکہ دوسرے نمبر پر امجد سراج میمن نے 67 اور تیسرے نمبر پر خواجہ مصطفیٰ قادری نے انٹرویو میں 48 مارکس حاصل کیے ۔تاہم وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پہلے نمبر سے 3 مارکس کم لینے والے امیدوار کو وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دی ۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ماہر تعلیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا فیصلہ ایسا ہی ہے جیسے کسی پوزیشن ہولڈر طالب علم کو چھوڑ کر دوسری پوزیشن لینے والے طالب علم کو گولڈ میڈل پہنا دیا جائے۔
Load Next Story