جتنا پریشر لینا تھا لے لیا فائنل میں کھیل سے لطف اندوز ہوں گے وہاب ریاض

اتنا کھیلنے کے باوجود بھی ثابت کرنا پڑرہا ہے کہ سب سے بہتر ہوں، وہاب ریاض

پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کی تمنا ہے جس کے لیے بھرپور محنت کررہا ہوں، وہاب ریاض فوٹو: فائل

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔

ابو ظہبی سے ورچوئل پریس کانفرنس میں تجربہ کار فاسٹ بولر نے کہا کہ میچ جیتیں یا ہاریں، انفرادی طور پر کس کو تعریف اور تنقید کا نشانہ نہیں بناتے، ہمیشہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، یہ ہی ہماری اب تک کی کامیابی کا راز رہا ہے۔ حیدر علی کو اب بھی میچ ونر قرار دیتا ہوں، بدقسمتی سے اس کی فارم اچھی نہیں چل رہی، ایسا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے، ہم اس کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔


وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم بہت خطرناک اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن جتنا میچ کو انجوائے کریں گے اتنا ہی جیتنے کا چانس زیادہ ہوگا۔ دو دن سے ٹھیک طرح سے سو نہیں پایا اس لیے فائنل کے حوالے سے کوئی خواب نہیں دیکھ سکا۔ ملتان سلطانز کی خوبیوں اور خامیوں کو دیکھ کر کھیلیں گے۔ ملتان سطانز کے صہیب مقصود اور شاہ نواز دھانی نے شاندار پرفارمنس دی ہے، دونوں کو پرفارم کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، فائنل میں ان دونوں پر ہی زیادہ پریشر ہوگا۔

زلمی کپتان نے ان فٹ محمد عرفان کے حوالے سے بتایاکہ ان کو گھٹنے میں تکلیف اور کریمپس تھے لیکن اب پہلےسے کافی بہتر اور امید ہےکہ وہ میچ کے لیے دستیاب ہوگا۔ زیزائی نے ہر میچ میں زبردست پرفارمنس دی ہے اور خواہش ہے کہ وہ فائنل میں بھی اچھی اننگز کھیلے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ اتنا کھیلنے کے باوجود بھی ثابت کرنا پڑرہا ہے کہ سب سے بہتر ہوں، پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کی تمنا ہے اور اس کے لیے بھرپور محنت کررہاہوں۔ وہ بطور کپتان ٹرافی اٹھائیں اس سے بڑا اعزاز کوئی نہیں ہوگا۔ پی ایس ایل میں ہمیشہ وکٹوں کی تعداد کے حوالےسے دوسرے نمبر پر رہا، دھانی کی 20 اور میری 18 وکٹیں ہیں، اس بار کوشش ہوگی کہ نمبرون پر فنش کروں، شعیب ملک مکمل پیکیج اور ٹی ٹوئنٹی کا اس وقت سب سے بہترین پلیئر ہے۔
Load Next Story