اسپتال سے خاتون نرس کا روپ دھار کر بچے کو اغوا کرکے فرار

پولیس نے پٹنی اسپتال سے نومولود بچے کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کر لیا ،ایس ایچ او بلدیہ نواز گوندل

اسپتال انتظامیہ صورتحال سے لاعلم رہی، فوٹیجز کی مدد سے خاتون کو تلاش کیا جا رہا ہے، رکشے میں بچے کو لے کر فرار ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

بلدیہ ٹاؤن میں واقع نجی اسپتال سے نرس کا روپ دھارکر ملزمہ نومولود کو اغوا کر کے فرار ہوگئی۔

ایس ایچ او بلدیہ نواز گوندل نے بتایا کہ بلدیہ ٹاؤن 3 نمبر میں قائم پٹنی اسپتال سے جمعرات کی دوپہر نامعلوم خاتون محمد نعیم نامی شخص کے نومولود بیٹے کو اغوا کر کے فرار ہوگئی جس کا مقدمہ پولیس نے مغوی بچے کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔


محمد نعیم کے بھائی عطا محمد کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح ساڑھے چھے بجے کے قریب پٹنی اسپتال میں نعیم کے یہاں بیٹے کی ولادت ہوئی تھی اور دوپہر میں ایک خاتون جو کہ نرس کا روپ دھارے ہوئے تھی وہ بچے کو وزن کرنے کے بہانے اغوا کر کے فرار ہوگئے اور اسپتال انتظامیہ لاعلم رہی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیجز کی مدد سے خاتون کو تلاش کیا جا رہا ہے جو کہ رکشے میں بچے کو لیکر فرار ہوئی تھی جبکہ خاتون نے ماسک بھی لگایا ہوا تھا جس کی باعث خاتون کی شناخت میں بھی دقت آرہی تاہم پولیس اسپتال انتظامیہ سے بھی اس حوالے سے بیان قلم بند کر رہی ہے، علاقے میں نصب دیگر کیمروں کو بھی تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز کی مدد سے ملزمہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکے۔

 
Load Next Story